بجلی کے سرکاری اداروں کے ہر ملازم کو 6 ہزار روپے کی مفت بجلی مل رہی ہے، اویس لغاری

نیٹ میٹرنگ کے ذریعے حکومت مہنگے داموں بجلی خرید کر عام صارفین کو فراہم کر رہی ہے

نیٹ میٹرنگ کے باعث عوام پر 103 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا، سولرائزیشن میں اضافے سے عام صارفین متاثر ہو رہے ہیں

اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی سے متعلقہ سرکاری اداروں کے تمام ملازمین ہر ماہ 6 ہزار روپے کی مفت بجلی حاصل کر رہے ہیں۔ حکومت نے اٹارنی جنرل آفس سے رابطہ کیا ہے تاکہ عدالتوں میں موجود کیسز جلد نمٹائے جا سکیں اور مفت بجلی کی فراہمی ختم کی جا سکے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ قانونی معاملات کے باعث پاور ڈویژن اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی فوری طور پر بند نہیں کی جا سکتی۔ تاہم، حکومت کی کوشش ہے کہ ان کیسز کو جلد ختم کرایا جائے تاکہ مفت بجلی کی سہولت ختم کرکے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جا سکے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ سولرائزیشن میں اضافے کی وجہ سے عام صارفین پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔ نیٹ میٹرنگ کے ذریعے حکومت مہنگے داموں بجلی خرید کر عام صارفین کو فراہم کر رہی ہے، جس کی وجہ سے عوام پر 103 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ نیٹ میٹرنگ میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد اپنا سرمایہ چار سال میں واپس حاصل کر سکیں۔

حکومت سستی بجلی فراہم کرنے کی حکمت عملی بنا رہی ہے تاکہ عام صارفین کو ریلیف دیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین