اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں 7 نئے ججز کی تقرری کے بعد حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان سے حلف لیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والے 6 مستقل اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ تقریب حلف برداری کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے اور ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے اس اہم موقع پر کئی اہم قانونی شخصیات موجود تھیں۔
سپریم کورٹ میں مستقل تقرری حاصل کرنے والے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایکٹنگ جج کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محسن اختر کیانی سمیت سینئر وکلا، اٹارنی جنرل، لا افسران اور عدالتی عملے کے ارکان بھی تقریب میں شریک تھے۔ تقریب کے دوران نئے ججز کی تقرری کو عدالتی نظام میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا، جو ملک کے عدالتی نظام کو مزید مستحکم کرے گی۔





















