فیروز والا : بزم نور مصطفی کے زیر انتظام جامعہ مسجد نورانی میں شب برات کے مبارک موقع پر ایک عظیم الشان روحانی اجتماع منعقد ہوا، جس میں علما، مشائخ اور عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع میں تلاوتِ قرآن، نعت خوانی اور ایمان افروز خطاب نے سامعین کے دلوں کو منور کر دیا۔

تقریب کا آغاز قاری حافظ ابی زید کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معروف نعت خوان حافظ انس شہزاد اور علی حیدر شاہ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نظامت کے فرائض قاری ظفر باروی نے احسن انداز میں انجام دیے، جبکہ بزم نور مصطفی کے صدر ازن علی اور دیگر اراکین نے شاندار انتظامات کیے اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالمِ دین علامہ پروفیسر حافظ کامران صدیق نوری نے شبِ برات کی فضیلت، اس رات کی عبادات اور دعا کی قبولیت کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شبِ برات وہ مبارک رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق پر رحمتوں اور مغفرت کے دروازے کھول دیتا ہے۔ یہ رات ندامت، توبہ، اصلاحِ اعمال اور اللہ کی قربت حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس رات کو عبادات، تلاوتِ قرآن، نوافل اور درود و سلام کے ذریعے گزارنا چاہیے، کیونکہ یہ رات ہر انسان کے مقدر کے فیصلے کی رات ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے گناہوں پر ندامت کے ساتھ توبہ کریں، حقوق العباد کا خیال رکھیں اور اپنی زندگی کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔
آخر میں علامہ کامران نوری صاحب نے امتِ مسلمہ، پاکستان کی سلامتی اور عالمِ اسلام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا فرمائی، جس پر حاضرین نے نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ آمین کہا۔ اجتماع کے اختتام پر شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔





















