اسلام آباد:بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر! حکومت نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین اور زرعی ٹیوب ویل مالکان کو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پاور اویس لغاری نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اور زرعی ٹیوب ویل مالکان کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ اب انہیں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا فائدہ ملے گا۔
یہ رعایت 2015 سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے معطل تھی، جبکہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے لیے یہ سہولت دسمبر 2010 میں ختم کر دی گئی تھی۔ تاہم، اب پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر ایک خط ارسال کر دیا ہے تاکہ اس فیصلے پر جلد عملدرآمد کیا جا سکے۔
یہ اقدام بجلی کے چھوٹے صارفین اور کسانوں کے لیے مالی بوجھ کم کرنے میں مدد دے گا، جس سے انہیں بڑی سہولت حاصل ہوگی۔





















