تیل و گیس کے شعبے سے ایک اور خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں شمالی وزیرستان کے اسپن وام ون کنویں میں ڈیڑھ ماہ سے بھی کم عرصے میں تیسری بار تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
ماڑی انرجیز لمیٹڈ کے مطابق، اسپن وام-1 کے ہنگو فارمیشن سے 32/64 قطر کی پائپ لائن میں روزانہ 122 بیرل تیل اور 23.85 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کمپنی نے مزید بتایا کہ اس کنویں سے مزید تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش جاری ہے۔ وزیرستان بلاک میں ماڑی انرجیز، او جی ڈی سی ایل اور اورینٹ پٹرولیم مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔
ماڑی انرجیز لمیٹڈ کے ایم ڈی اور سی ای او فہیم حیدر نے کہا کہ وزارتِ پٹرولیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھرپور تعاون پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دریافت سے مقامی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ماڑی انرجیز نے فروری اور مارچ میں بھی شمالی وزیرستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا تھا، جبکہ اسپن وام کنویں میں یہ تیسری بڑی کامیابی ہے۔
شمالی وزیرستان نے ڈیڑھ ماہ میں تیسری بار خزانہ اُگل دیا
اسپن وام ون کنویں میں ڈیڑھ ماہ سے بھی کم عرصے میں تیسری بار تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں





















