امریکا اور چین کے درمیان ٹیرف جنگ نے ہالی ووڈ کو سخت دھچکا دیا، کیونکہ چین نے امریکی فلموں کی درآمد کو محدود کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے فلم انڈسٹری میں تشویش پھیل گئی ہے۔
امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ سے ہالی ووڈ کی فلم انڈسٹری پر بھی قابل ذکر اثر پڑا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکا پر جو جوابی ٹیرف لگائے ہیں، ان سے ہالی ووڈ کی فلمیں بھی محفوظ نہیں رہیں۔ چین نے نہ صرف مزید ٹیرف عائد کیے ہیں بلکہ ہالی ووڈ فلموں کی اپنے ملک میں درآمد کو بھی محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے چین کی نیشنل فلم ایڈمنسٹریشن نے ایک سخت بیان جاری کیا، جس سے ہالی ووڈ کے فلم میکرز میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ 30 سال سے چین ہر سال 10 ہالی ووڈ فلموں کی اجازت دیتا آ رہا تھا، لیکن اب یہ تعداد کم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے شروع کی گئی تجارتی جنگ کے دوران امریکا نے 145 فیصد جب کہ چین نے 125 فیصد ٹیکس عائد کر رکھا ہے۔ یہ اقدامات ہالی ووڈ کے لیے بڑا چیلنج بن گئے ہیں۔





















