مودی اور دنیا قیامت تک پاک فضائیہ کی فتح یاد رکھے گی، شہباز شریف

شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر بابر، اور نیول چیف کی قیادت کی تعریف کی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار فتح پر مبارکباد دی، جہاں 6 جہاز، جن میں 3 رافیل شامل تھے، مار گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھے گی، جس نے خطے کا توازن بدل دیا۔ شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر بابر، اور نیول چیف کی قیادت کی تعریف کی، اور پاکستانی عوام کی یکجہتی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کی شاندار فتح پر مسلح افواج کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں بلکہ 6 جہاز مار گرائے، جن میں 3 رافیل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارنامہ مودی اور پوری دنیا قیامت تک یاد رکھے گی۔

شہباز شریف نے کامرہ ایئر بیس پر پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی طرف سے اس عظیم فتح پر دل سے مبارکباد دینے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ابھی ان بہادر جوانوں سے مل کر آئے ہیں جنہوں نے اس مختصر جنگ میں دشمن کے دانت توڑے اور اس کے غرور کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ 6 مئی سے 10 مئی 2025 تک کے دنوں میں پاک فضائیہ نے اپنی شاندار مہارت سے پوری دنیا کو حیران کر دیا، دشمن کے چاروں طبق روشن کر دیے، اور دوستوں کا اعتماد آسمانوں تک پہنچا دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑی فتح کبھی نہیں ملی، اور اس فتح نے نہ صرف دنیا کی سوچ بدل دی بلکہ خطے اور دنیا میں طاقت کا توازن بھی تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کی بہت بڑی مہربانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی اس کامیابی پر ہم سب اللہ کے شکرگزار ہیں، لیکن دشمن کو پیغام ہے کہ اگر دوبارہ جارحیت کی تو اسے پاؤں تلے کچل دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر بابر سندھو، اور نیول چیف کو اس فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو پوری دنیا میں یہ آواز گونجی کہ پاکستان نے اپنی تکنیکی مہارت اور تحقیق سے یہ جنگ جیتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک پریزنٹیشن میں واضح ہوا کہ شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں بلکہ 6 جہاز مار گرائے، جن میں ڈرونز بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ہم سے آبادی میں کئی گنا بڑا ہے اور اس نے اربوں ڈالر خرچ کر کے جدید ہتھیار خریدے، لیکن 10 مئی کی شام کو شاہینوں نے اس کے غرور کو توڑ دیا، اور اب وہ کبھی اس طرح مغرور نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس مختصر جنگ کے چند گھنٹوں میں شاہینوں نے ایسی تاریخ رقم کی کہ دوست اور دشمن اسے قیامت تک پڑھیں گے۔ انہوں نے 10 گھنٹوں سے کم وقت میں دشمن کو ہرا کر پاکستان کا جھنڈا بلند کیا، جسے آج پوری دنیا عزت سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے شاہینوں اور قوم کے عقابوں کو دل سے مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس جنگ میں یکجان ہو کر ان کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگ رہی تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پریزنٹیشن میں بتایا گیا کہ شاہینوں نے 3 رافیل جہاز مار گرائے، جو پاکستانی نوجوانوں کا عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرآن کے واقعہ ابابیل اور ہاتھیوں کی طرح ہے، جو مودی اور دنیا قیامت تک یاد رکھے گی۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے کہا کہ آپ نے جے ایف-17 اور چینی جہازوں کے ساتھ رافیل کو نشانہ بنایا، جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قرآن کی سورت الفیل کی تلاوت اور ترجمہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ رافیل کے مقابلے کو انہی الفاظ میں یاد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے ایم ایم عالم، فیصل چوہدری، اور سرفراز رفیقی کی بہادری کی یاد تازہ کر دی، جن کے قصے آج قوم کی زبان پر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج یہاں فوج، فضائیہ، اور بحریہ کے سربراہان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشاورت پاکستان کی تاریخ میں شاید پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ وہ اس تاریخی لمحے کے گواہ ہیں، جبکہ ماضی میں ایسی مشاورت کا فقدان تھا، لیکن اب یہ پرانی باتیں سنانے کا وقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ہم نے صبر اور تحمل کا دامن نہیں چھوڑا۔ ہم نے دشمن کے گھمنڈ کا سوچ سمجھ کر جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے معصوم بچوں، ماؤں، اور جوانوں کو نشانہ بنایا، لیکن ہم نے دشمن کی فوجی تنصیبات کو ہدف بنا کر اس کے ہوش اڑا دیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے جوانوں کی قربانی کو قیامت تک نہیں بھلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کی عزت کی حفاظت کریں گے اور قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے

متعلقہ خبریں

مقبول ترین