مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا اجلاس، اسامہ مشتاق صدر لاہور منتخب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ 31 مئی کو ایجوکیشن بجٹ سیمینار منعقد کرے گی،اجلاس میں فیصلہ

لاہور:مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (ایم ایس ایم) لاہور زون کا تنظیمی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صوبائی ،ضلعی عہدیداران اور زونل صدورنے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدرمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان شیخ فرحان عزیز نے کی۔ اجلاس میں2025 کی کاکردگی رپورٹس پیش کی گئیں،ضلعی تنظیمات کی کاکردگی کا جائزہ لیا گیا اور تعلیمی اداروں میں فکری و نظریاتی بیداری پیدا کرنے کےلئے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ31 مئی2025 کو’’ ایجوکیشن بجٹ سیمینار‘‘ منعقد کیا جائے گا جس میں ماہرین تعلیم اور معاشی ماہرین شرکت کریں گے۔اجلاس میں شرکاء کی باہمی مشاورت اور متفقہ رائے سے اسامہ مشتاق کو صدر ایم ایس ایم لاہور زون منتخب کیا گیا۔مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر لاہور اسامہ مشتاق کو مبارکباد دی اور طلبہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے متحد ہو کر کام کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ تنظیمیں معاشرے کی فکری رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل کو بہتر مستقبل دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ایک نظریاتی تحریک ہے جو بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں علم، امن اور اصلاح کا پیغام نوجوان نسل تک پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف ڈگری یافتہ نہیں بلکہ باشعور، بااخلاق اور خدمتِ خلق کا جذبہ رکھنے والا شہری بنانا ایم ایس ایم کا مشن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں تعلیمی اداروں میں ایسی مثبت سرگرمیاں متعارف کروانی ہیں جو طلبہ کو منفی سرگرمیوں اور انتہا پسندی سے دور رکھیں اور ان میں حب الوطنی، اتحاد، برداشت اور رواداری جیسی اقدار کو فروغ دیں۔ آج کا نوجوان اگر تعمیری سوچ کا حامل ہو تو کل کا پاکستان ایک مہذب، ترقی یافتہ اور پرامن ملک بن سکتا ہے۔نو منتخب صدر اسامہ مشتاق نے اپنے خطاب میںکہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کی فکری، نظریاتی ،تعلیمی اور اخلاقی بنیادوں پر تربیت کے مشن پر گامزن ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ویثرن کے مطابق تعلیمی اداروں میں شعور و امن کا پیغام عام کریں گے۔مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ڈاکٹر طاہر القادری فکر و فلسفہ کی نمائندہ تنظیم ہے۔اجلاس کے اختتام پر طلبہ رہنماؤں نے پاکستانی مسلح افواج کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کو خراج تحسین پیش کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ پاکستان کی مسلح ا فواج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور دشمن کے ہر جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔اجلاس میں ،رائو تاثیر،قاضی احسن،ذیشان مصطفوی،راشد مصطفوی محمد قسیم سجاد و دیگر طلبہ رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین