سوشل میڈیا پر ایک نیا ناشتہ ٹرینڈ وائرل ہو چکا ہے جسے "چائے ٹوسٹ” کہا جا رہا ہے۔ یہ سادہ مگر جذبات سے بھرپور ریسیپی بچپن کی یادیں تازہ کر دیتی ہے، اور اب دبئی سمیت مختلف ممالک میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جو کھانا کبھی ضرورت کے تحت کھایا جاتا تھا، وہ آج ناشتہ کلچر کا فیشن بن چکا ہے۔
چائے اور ٹوسٹ کا امتزاج ہمیشہ سے ہمارے دیسی ناشتے کا اہم حصہ رہا ہے، لیکن اب یہی امتزاج ایک منفرد اور وائرل ریسیپی کی صورت میں دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جس ریسیپی کو "چائے ٹوسٹ” یا "چائے ملائی ٹوسٹ” کہا جا رہا ہے، وہ خاص طور پر دبئی اور متحدہ عرب امارات میں مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔
اس ناشتہ ٹرینڈ میں صرف تین آسان اجزاء شامل ہیں: کڑک چائے، گھر کی بنی ہوئی ملائی (کریم)، اور ڈبل روٹی کے سلائس۔ ترکیب یہ ہے کہ دو سلائس کے درمیان تازہ ملائی لگائی جاتی ہے، اور پھر اس پر گرم چائے بہا دی جاتی ہے، جس سے روٹی نرم ہو جاتی ہے اور چمچ سے کھانے کے قابل بن جاتی ہے۔
یہ وہ ناشتہ ہے جو کبھی ماضی میں وسائل کی کمی کی وجہ سے تیار کیا جاتا تھا، لیکن اب یہی چیز دبئی کے مشہور کیفے کلچر کا حصہ بن چکی ہے۔ انسٹاگرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس ترکیب کی ویڈیوز نے ہزاروں صارفین کی توجہ حاصل کی ہے اور لوگ اسے بڑی دلچسپی سے آزما رہے ہیں۔
صارفین کی دلچسپ رائے
اس ٹرینڈ پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ افراد نے اسے بچپن کی یادوں کا بہترین تحفہ قرار دیا، تو کچھ نے اس ترکیب کو دلچسپ مگر عجیب قرار دیا۔
ایک صارف نے ہنستے ہوئے کہا، "مجبوری؟ میں تو اسے شوق سے کھاتا تھا!”
ایک اور صارف نے لکھا، "پہلی بار یہ دیکھا ہے، لیکن لگتا ہے بہت مزیدار ہوگا۔”
کسی نے اسے "تازہ کریم، ڈبل روٹی اور اوپر سے گرم چائے… کمال کا ناشتہ!” قرار دیا،
جبکہ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا، "بچپن سے یہی کرتا آ رہا ہوں، اور آج بھی کر رہا ہوں!”
یہ سادہ سا ناشتہ اب نہ صرف دبئی اور یو اے ای میں بلکہ جنوبی ایشیا کے فوڈ کلچر، خاص طور پر بھارت میں بھی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ ایک وقت کا عام گھریلو ناشتہ آج سوشل میڈیا کا ایک مشہور ٹرینڈ بن چکا ہے۔
چاہے کوئی اسے پسند کرے یا نہ کرے، لیکن یہ بات طے ہے کہ "چائے ٹوسٹ” نے ناشتہ کلچر کو ایک نیا ذائقہ دیا ہے اور ہمیں ان دنوں کی یاد دلا دی ہے جب زندگی سادہ، مگر ذائقوں سے بھرپور ہوا کرتی تھی۔





















