ہفتہ, نومبر 23, 2024

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد ہونا اہم :شزہ فاطمہ

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد کا ہونا بہت اہم ہے،چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم تعلیمی مقاصد کیلئے بھی استعمال ہو۔بدھ کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت سے ٹک ٹاک کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ٹک ٹاک وفد کی قیادت ڈائریکٹر پبلک پالیسی ایمر گیلن کر رہے تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سوشل میڈیا پر معیاری مواد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیر مملکت آئی ٹی کو ٹک ٹاک کے پاکستان میں اقدام اور مستقبل کے پروگرامز کے بارے میں بریف کیا۔
وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کے بہت زیادہ صارفین ہیں، یہ بہت ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد میسر ہو، چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم تعلیمی مقاصد کے لئے بھی استعمال ہو، اس کے ذریعے مختلف قسم کی سکلز اور لوکل زبانوں میں بنیادی تعلیم دی جا سکتی ہے، ان مقاصد کے حصول کے لئے وزارت آئی ٹی ٹک ٹاک کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔
ٹک ٹاک وفد نے وزیر مملکت آئی ٹی کو یقین دہانی کرائی کہ ٹک ٹاک پر زیادہ سے زیادہ معیاری اور سودمند مواد کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفد نے کہا کہ ٹک ٹاک وزارت آئی ٹی کے ذیلی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتاہے۔

Related Articles

Latest Articles