جی ایچ کیو حملہ کیس :عمران خان پر فرد جرم عائد، عمر ایوب گرفتار

جی ایچ کیو حملہ کیس :عمران خان پر فرد جرم عائد، عمر ایوب گرفتار

راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان پر فرد جرم عائد کردی گئی، جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو حراست میں لے لیا گیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں 9 مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان، شیخ رشید، عمر ایوب، اور شیخ راشد شفیق سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
عدالت نے حاضر 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی، جن پر بغاوت، دہشت گردی، اقدام قتل، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور سازش مجرمانہ کے الزامات شامل ہیں۔
فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد تمام ملزمان، جن میں بانی تحریک انصاف بھی شامل ہیں، نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید، صداقت عباسی، عمر ایوب، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، واثق قیوم عباسی، ملک احمد چٹھہ، راجا بشارت، عثمان ڈار، اور اشرف خان سوہنا سمیت دیگر افراد عدالت میں موجود تھے۔
عدالتی فیصلے کے بعد اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ سابق وزیر قانون راجا بشارت کو جیل سے باہر آتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔
اس کے علاوہ، پی ٹی آئی کارکن عظیم اور رہنما احمد چٹھہ کو بھی گرفتار کرکے پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کردیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سمیت چار پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کیا۔ تمام گرفتاریاں پرتشدد احتجاج کے تناظر میں درج مقدمات کے تحت عمل میں آئیں۔
عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ سے شہادتیں طلب کرلیں۔
سماعت کے دوران عمر ایوب، زرتاج گل، راشد شفیق، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی، جاوید کوثر، ساجد قریشی، مسرت جمشید چیمہ، محمد احمد چٹھہ، اور عثمان ڈار اڈیالہ جیل میں پیش ہوئے۔
عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے تمام ملزمان کو طلب کیا تھا، جن میں بانی تحریک انصاف سمیت 120 ملزمان شامل تھے۔
عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو لاہور جیل سے طلب کرنے کا حکم دیا۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، شیریں مزاری، زرتاج گل، زین قریشی، اور طیبہ راجہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
عدالت نے دیگر غیر حاضر 45 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا اور متنبہ کیا کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں اشتہاری قرار دینے کی قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین