چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے بھی مذاکرات کی بات کی تھی اور بات چیت ضرور ہونی چاہیے۔ اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ کورٹس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمے میں کیس سے ڈسچارج ہونے کی درخواست دائر کی ہے کیونکہ تمام مقدمات جھوٹے ہیں اور ان میں بریت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم اور دیگر کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ دنیا بھر میں احتجاج کے دوران کبھی گولیاں نہیں چلیں، مگر یہاں مظاہرین کے بیٹھنے سے پہلے ہی شیلنگ شروع کر دی گئی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے بھی مذاکرات کی تجویز دی تھی اور مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں کیونکہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی بات چیت ہی سے نکلتا ہے۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ مذاکرات کے دوران شرطیں نہیں رکھی گئیں، تاہم مطالبات ضرور رکھے گئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ماضی میں بھی مذاکرات ہوئے تھے مگر ایک مرحلے کے بعد رابطہ ختم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات درج کرنے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، لیکن اب بہت ہو چکا ہے، اور اب ملک کو بہتر کی طرف بڑھنا چاہیے۔





















