کیا شادی واقعی شخصیت کو بدل دیتی ہے؟ ماہرین کی حیران کن تحقیق
اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد انسان کی شخصیت بدل جاتی ہے، اور یہ خیال کسی حد تک سچ بھی ثابت ہوتا ہے۔ شادی کے بعد مرد اور خواتین دونوں کی طرزِ زندگی، رویوں اور شخصیت میں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔
ماہرین اس سوال پر متفق نہیں ہو سکے کہ آیا لوگ شادی کے بعد بدلتے ہیں یا شادی کے لیے پہلے سے خود کو تبدیل کر لیتے ہیں۔ البتہ تحقیقات یہ ثابت کرتی ہیں کہ شریک حیات کے ساتھ زندگی گزارنے کی خواہش رکھنے والے افراد کی شخصیت میں نمایاں فرق آتا ہے۔
یہ بات قابلِ فہم ہے کہ جب زندگی میں دوسرا فرد شامل ہوتا ہے تو عادتیں، رویے اور خیالات بدلنے لگتے ہیں۔ ازدواجی زندگی میں تحمل اور برداشت کی ضرورت ہوتی ہے، ورنہ رشتہ مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔
جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق میں 15 ہزار افراد کو 4 سال تک زیرِ مشاہدہ رکھا گیا۔ اس دوران 664 افراد نے شادی کی، اور محققین نے دیکھا کہ شادی شدہ افراد میں دوسروں کے مقابلے میں کیا تبدیلیاں آئیں۔تحقیق کے نتائج کے مطابق شادی شدہ افراد میں سماجی میل جول اور نئے تجربات میں دلچسپی کچھ حد تک کم ہوگئی۔
2000 میں امریکا میں 6 سے 9 سال کے دوران درمیانی عمر کی 2 ہزار خواتین کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران 20 خواتین نے شادی کی جبکہ 29 خواتین کی شادیاں ختم ہوگئیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ طلاق یافتہ خواتین میں سماجی روابط اور نئے تجربات میں حصہ لینے کا جذبہ شادی شدہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ تھا۔تحقیقات یہ بھی بتاتی ہیں کہ شادی کے بعد مردوں میں ذمہ داری کا احساس بڑھ جاتا ہے اور وہ ذہنی دباؤ سے کافی حد تک باہر آ جاتے ہیں۔
2017 میں ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ شادی شدہ مرد روزگار کے حوالے سے زیادہ محنتی اور کارآمد ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ اپنے رشتے کی ذمہ داری محسوس کرتے ہیں۔
نیدرلینڈز کی Tilburg یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ شادی کے بعد لوگوں میں خود پر کنٹرول کرنے اور دوسروں کی غلطیوں کو معاف کرنے کا رجحان بڑھتا ہے۔
199 نوبیاہتا جوڑوں کی 3 ماہ تک نگرانی کے بعد پتہ چلا کہ شادی کے بعد معاف کرنے کی عادت اور خود پر قابو پانے کی صلاحیت میں معمولی اضافہ ہوا۔
تحقیقات بتاتی ہیں کہ شادی شدہ افراد میں زندگی سے اطمینان بھی بڑھتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ خیال مسترد کر دیا گیا کہ شادی کے بعد طویل عرصے تک ساتھ رہنے والے جوڑے ایک جیسی شخصیت کے مالک بن جاتے ہیں۔ تحقیق میں 1200 جوڑوں کا جائزہ لیا گیا اور یہ ثابت ہوا کہ شادی عام طور پر ان لوگوں کے درمیان ہوتی ہے جن کی شخصیات پہلے سے ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہوتی ہیں۔
169 نوبیاہتا جوڑوں پر کی جانے والی تحقیق میں شادی کے 6 ماہ، ایک سال اور 18 ماہ بعد ان کی شخصی خصوصیات کا جائزہ لیا گیا۔نتائج کے مطابق شادی کے بعد مردوں میں ذمہ داری کا احساس بڑھ جاتا ہے جبکہ خواتین میں ذہنی دباؤ، غصے اور ڈپریشن کی سطح کم ہو جاتی ہے۔
تاہم وقت گزرنے کے ساتھ شادی شدہ مردوں میں سماجی میل جول کی کمی آتی ہے جبکہ جوڑوں میں ایک دوسرے کے لیے برداشت کا جذبہ بھی کم ہونے لگتا ہے۔