نجی سطح پر حج کے اخراجات کتنے ہوں گے، وفاقی حکومت کا اہم فیصلہ

حج اسکیم کی بکنگ 10 جنوری سے 31 جنوری 2025 تک جاری رہے گی

وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے نجی حج منظم کمپنیوں اور ان کی ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دے دی ہے اور نجی عازمینِ حج کے پیکیج کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ نجی حج اسکیم کی بکنگ 10 جنوری سے 31 جنوری 2025 تک جاری رہے گی، اور مختلف حج پیکیج وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

ترجمان کے مطابق، نجی اسکیم کے بنیادی حج پیکیج کی قیمت پونے 11 لاکھ سے لے کر ساڑھے 21 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔ حج منظم کمپنیاں ایس پی اے کے مطابق، پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ کریں گی اور سہولت کی فراہمی کے معاہدے بھی کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اضافی سہولت کے باعث 30 لاکھ روپے سے زائد کے حج پیکیجز کو "حج پالیسی فارمولیشن کمیٹی” سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگا، اور اس قیمت سے زائد پیکیج کی منظوری کے وقت مکمل تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ 30 لاکھ روپے سے زائد کے حج پیکیجز کے بیچنے اور خریدنے والوں کی معلومات ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

وزارت کے ترجمان نے نجی عازمینِ حج کو ہدایت دی کہ وہ بکنگ کرتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ "پاک حج” سے لازمی تصدیق کر لیں، پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کریں، اور سہولتوں کا معاہدہ بھی طلب کریں۔

انہوں نے شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ نجی حج پیکیجز کی بکنگ کے دوران ان کی سہولتوں کو اچھی طرح سمجھ کر فیصلہ کریں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین