نادرا کی ویب سائٹ بند، موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ

نادرا کی ویب سائٹ 17 جنوری سے بند کردی جائے گی

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کرکے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے مطابق جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کرنے اور ان کا غلط استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ نادرا کی ویب سائٹ 17 جنوری سے بند کردی جائے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ نے بتایا کہ ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں خصوصاً بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا تھا، کیونکہ انگلیوں کے نشانات اور ضروری دستاویزات اسکین کرکے اپ لوڈ کرنا مشکل ہوتا تھا۔ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے ان جعلساز عناصر کا نوٹس لے کر ان کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے زیادہ بہتر بنایا گیا ہے، اور اب شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی، ب فارم، اور ایف آر سی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ کے ذریعے دستیاب ہیں۔ شہری گھر بیٹھے اپنی شناختی دستاویزات کے تمام مراحل مکمل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نادرا کے تین نئے ریجنل سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جو آزاد جموں و کشمیر، گوادر، اور گلگت بلتستان میں 31 مارچ سے فعال ہوں گے۔ ان مراکز کے قیام سے دور دراز علاقوں میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور ان کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے۔
وزیرداخلہ نے بتایا کہ ملک کی 19 تحصیلوں میں بھی نادرا دفاتر کے قیام کا کام تیزی سے جاری ہے، اور 31 مارچ تک یہ دفاتر بھی فعال ہو جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین