لاہور:برابری پارٹی کے چیئرمین اور معروف گلوکار جواد احمد نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خود پر لگائے گئے بجلی چوری کے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔
پریس کانفرنس کے دوران جواد احمد نے بتایا کہ وہ اپنے گھر پر موجود تھے جب ان کی اہلیہ نے سیلون سے کال کر کے اطلاع دی کہ کچھ افراد سروے کے نام پر ان کا میٹر چیک کر رہے ہیں۔ بعد میں معلوم ہوا کہ گرین میٹر، جو کہ شہری کی ذاتی ملکیت ہوتا ہے، اتار لیا گیا ہے۔
جواد احمد کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں چوری کی وارداتوں کے باعث میٹر کو حفاظتی جنگلے میں بند کیا گیا تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ میٹر کی جانچ کے بغیر بجلی چوری کا الزام لگاتے ہوئے اسے لے جایا گیا، جس پر انہیں غصہ آیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس الزام کے بعد وہ خود پولیس کے پاس گئے اور لیسکو کے حکام سے بھی اس معاملے پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب پروپیگنڈا ہے اور ان کی ساکھ خراب کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے۔
جواد احمد نے مزید کہا کہ گرین میٹر کے ذریعے بجلی چوری ممکن ہی نہیں، اور یہ معاملہ سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے اچھالا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ان الزامات کی مکمل تردید کرتے ہیں۔