راولپنڈی: راولپنڈی کی ایک عدالت نے سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے کے جرم میں چار مجرموں کو سزائے موت سنادی۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج محمد طارق ایوب نے سنایا، جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے مقدمے کی پیروی پراسیکیوٹر ملک سکندر نے کی اور مدعی شیراز فاروقی کی نمائندگی ایڈووکیٹ راجہ عمران خلیل نے کی۔
سزا یافتہ مجرموں میں رانا عثمان، اشفاق علی، سلمان سجاد اور واجد علی شامل ہیں۔ عدالت نے مجرموں کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295-سی کے تحت سزائے موت، دفعہ 295-بی کے تحت 10 سال قید اور دفعہ 295-اے کے تحت 10، 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ فیصلے میں عدالت نے ہدایت کی کہ مجرموں کو اس وقت تک پھانسی دی جائے جب تک ان کی موت واقع نہ ہو جائے۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ اکتوبر 2022 میں پیکا کی دفعہ 11 کے تحت درج کیا گیا تھا۔