شرابی اور بد مزاج شوہروں سے تنگ خواتین نے آپس میں شادی کرلی

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع گورکھ پور میں پیش آیا

بھارت میں دو خواتین، جن کے شوہر بد مزاج اور شرابی تھے، نے اپنے گھروں کو چھوڑ کر ایک دوسرے سے شادی کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش کے ضلع گورکھ پور میں پیش آیا۔ دونوں خواتین، کویتا اور گنجا عرف ببلو، نے شیو مندر میں شادی کی۔ ان کی ملاقات انسٹاگرام پر ہوئی تھی، جہاں سے ان کی دوستی کا آغاز ہوا۔ شادی کا فیصلہ کرنے سے پہلے وہ 6 سال تک ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

دونوں خواتین نے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر ان پر تشدد کرتے تھے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ اس کا شوہر نشے کا عادی تھا اور روزانہ اس پر تشدد کرتا تھا۔ اس کے 4 بچے ہیں اور شوہر کے رویے سے تنگ آ کر وہ اپنے والدین کے گھر لوٹ گئی۔

دوسری خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس کا شوہر بھی شراب نوشی کرتا تھا اور اس پر بے وفائی کا جھوٹا الزام لگاتا تھا، جس کے بعد اس نے اسے چھوڑ دیا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ایک خاتون نے کہا، "ہم دونوں اپنے شوہروں کے رویے اور شراب نوشی سے تنگ آ چکے تھے۔ ان حالات نے ہمیں مجبور کیا کہ ہم سکون اور محبت بھری زندگی کا انتخاب کریں۔ اس لیے ہم نے گورکھ پور میں ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔”

متعلقہ خبریں

مقبول ترین