اسلام آباد:قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہیں وفاقی سیکریٹری کے برابر کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے، جس کے مطابق تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ یہ سمری منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھیج دی گئی ہے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق، ایم این اے اور سینیٹرز کی ماہانہ تنخواہ اور مراعات 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس حوالے سے فنانس کمیٹی کی سفارشات وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوائی گئی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تحریک انصاف کے 67 اراکین نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جس کی حمایت دیگر جماعتوں، بشمول پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن، نے بھی کی۔
اس تجویز کی منظوری کے بعد اراکین پارلیمنٹ کو وفاقی سیکریٹری کے مساوی مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ اراکین پارلیمنٹ نے اپنی تنخواہ 10 لاکھ روپے ماہانہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن اسپیکر ایاز صادق نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کو دیا گیا تھا۔