بھارت میں 20 سے زائد ڈیجیٹل نیوز اداروں کا اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر

اوپن اے آئی کا موقف ہے کہ وہ بھارت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی کیونکہ کمپنی بیرون ملک سے کام کرتی ہے

بھارت میں 20 سے زیادہ ڈیجیٹل نیوز اداروں نے مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، ان اداروں نے اوپن اے آئی پر الزام لگایا ہے کہ وہ جان بوجھ کر ان کا کاپی رائٹ مواد بغیر اجازت استعمال کر رہا ہے۔ 135 صفحات پر مشتمل مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اوپن اے آئی کا یہ رویہ ڈیجیٹل نیوز پبلشرز ایسوسی ایشن اور دیگر میڈیا آؤٹ لیٹس کے حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

مقدمے میں یہ بھی بتایا گیا کہ اوپن اے آئی نے دنیا کے مختلف ممالک کے میڈیا اداروں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے کیے ہیں، لیکن بھارتی اداروں کے ساتھ ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا۔

اس مقدمے میں شامل ڈیجیٹل نیوز ادارے بھارت کے دو بڑے صنعتکاروں، گوتم اڈانی اور مکیش امبانی کے میڈیا گروپس کے علاوہ انڈین ایکسپریس اور ہندوستان ٹائمز جیسے اہم ادارے بھی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نے سب سے پہلے پچھلے سال اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

اوپن اے آئی کا موقف ہے کہ وہ بھارت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی کیونکہ کمپنی بیرون ملک سے کام کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، اوپن اے آئی نے واضح کیا کہ ان کے اے آئی ماڈلز آن لائن دستیاب عوامی مواد کا استعمال کرتے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی کئی میڈیا ادارے، مصنفین، اور موسیقار اوپن اے آئی کے خلاف اسی نوعیت کے مقدمے درج کروا چکے ہیں، جن میں ان کے کاپی رائٹ مواد کو بغیر اجازت استعمال کرنے کا الزام شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین