واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے سکستھ جنریشن جنگی طیارے ’’ایف-47‘‘ کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔ اس طیارے کو دنیا کا سب سے جدید اور مہنگا جنگی طیارہ کہا جا رہا ہے، جس کی رفتار اور جنگی صلاحیتیں بے مثال ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ ایک نیا سکستھ جنریشن جنگی طیارہ بنا رہا ہے جس کا نام ’’ایف-47‘‘ رکھا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایف-47 ایسا طیارہ ہوگا جس کی خصوصیات دنیا میں کسی اور طیارے میں نہیں پائی جاتیں۔ اس کی رفتار، گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت اور دیگر جنگی خصوصیات بے مثال ہوں گی۔
ٹرمپ نے مزید بتایا کہ اس طیارے کی تیاری کا معاہدہ امریکی طیارہ ساز کمپنی "بوئنگ” کو دیا گیا ہے، تاہم اس منصوبے کی مکمل لاگت کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔ امریکی جریدے "وال اسٹریٹ جرنل” کے مطابق، ایف-47 تاریخ کا سب سے مہنگا جنگی طیارہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق، ایف-47 کے تجرباتی ماڈلز پہلے ہی گزشتہ پانچ برسوں سے خفیہ طور پر پروازیں کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس طیارے کا نام ’’ایف-47‘‘ رکھے جانے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ وہ امریکہ کے 47ویں صدر ہیں۔
اس موقع پر امریکی سیکرٹری دفاع، پیٹ ہیگسیتھ بھی صدر ٹرمپ کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایف-47 امریکہ کے فضائی غلبے کو مزید مضبوط کرے گا۔ پیٹ ہیگسیتھ نے مزید کہا کہ "ہم نے ایف-15، ایف-16، ایف-18، ایف-22، اور ایف-35 طیارے دیکھے ہیں، اور اب ہمارے پاس ایف-47 ہے۔ یہ طیارہ امریکہ کے اتحادیوں کو اعتماد دلائے گا کہ امریکہ کہیں نہیں جا رہا، اور دشمنوں کو یہ پیغام دے گا کہ امریکہ آنے والی نسلوں تک دنیا بھر میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتا رہے گا۔”