بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’سکندر‘ بڑے پردے پر دھوم مچانے آ گئی، لیکن ایڈوانس بکنگ توقعات کے مطابق نہ رہی۔ فلمی تجزیہ کاروں کا ماننا تھا کہ فلم کی ایڈوانس بکنگ 10 کروڑ روپے تک پہنچے گی، مگر ایسا نہیں ہوا، جس سے اس کی ابتدائی کمائی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
ممبئی:سلمان خان کی میگا ایکشن فلم ’سکندر‘ بھارت، خلیجی ممالک، امریکا اور یورپ میں ریلیز کر دی گئی ہے، لیکن حیران کن طور پر ایڈوانس بکنگ کمزور رہی۔ فلم کے ابتدائی بزنس کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ ’سکندر‘ کی ایڈوانس بکنگ 10 کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے، لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا، جس کے بعد اب فلم کی کمائی کے حوالے سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر سلمان خان نے کہا تھا کہ چاہے فلم اچھی ہو یا بری، لیکن 200 کروڑ روپے سے زیادہ کمائے گی۔ ان کے اس بیان نے شائقین میں بےچینی پیدا کر دی ہے کہ آیا فلم واقعی توقعات پر پوری اترے گی یا نہیں۔
یہ فلم سلمان خان کی دو سال بعد سینما میں بڑی واپسی ہے۔ اس سے قبل ان کی ’ٹائیگر 3‘ اور ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ 2023 میں ریلیز ہوئی تھیں۔
فلم کا ٹریلر 23 مارچ کو ریلیز ہوا تھا، جسے 24 گھنٹوں میں ساڑھے 4 کروڑ بار دیکھا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نے شاہ رخ خان کی ’جوان‘ کے ٹریلر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
’سکندر‘ میں سلمان خان کے ساتھ رشمیکا مندانا، نواب شاہ، کاجل اگروال اور سنیل شیٹی بھی زبردست ایکشن میں نظر آئیں گے۔ فلمی شائقین سلمان خان کو ایک بار پھر دھماکہ دار انداز میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔





















