عکس خیال — ڈاکٹر اظہر وحید
آج کی تحریر ان لبرل بھائیوں کے نام ہے، جو مغربی مصنفین پر آنکھیں بند کر کے یقین کرتے ہیں، اور بعد میں خوب بھگتتے بھی ہیں۔ ان کی ژولیدہ فکری سے ان کی زندگی بے مقصدیت کا شکار ہو جاتی ہے۔ ان کے لیے انگریزی میں لکھا ہوا ہر لفظ سند ہوتا ہے خواہ ہمارے ماں باپ کو گالی ہی کیوں نہ لکھی گئی ہو۔۔۔ اور اردو میں لکھی ہوئی کوئی عبارت ان کے نزدیک لائق مطالعہ نہیں ہوتی خواہ اس میں ان کے لیے حکمت و دانائی کے دریا بہہ رہے ہوں۔ کل مجھے ایک ایسے ہی نوجوان کا خط موصول ہوا، یہ نوجوان ایک مغربی رائٹر کی چند کتب پڑھ کر دین کا راستہ بھول بیٹھا ہے۔ ایک پُرامید بات یہ ہے کہ یہ راستہ دریافت کرنا چاہتا ہے۔ یہ خط مجھے بالواسطہ موصول ہوا ہے، یعنی لکھنے والے کے دوست کی معرفت مجھ تک پہنچا ہے۔
’’السلام علیکم سر!
مجھے رابرٹ سپینسر کی چار کتابوں میں حضرت محمدؐ کے تاریخی وجود کے حوالے سے کچھ باتیں سمجھ نہیں آ رہی ہیں۔ ان کتابوں کو پڑھنے کے بعد میں کافی کنفیوز ہو گیا ہوں۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ پلیز میری یہ کنفیوژن تفصیل سے دور کر دیں۔ چاروں کتابوں کے الفاظ اور ان کے سیاق و سباق کو سامنے رکھ کر دلیل کے ساتھ سمجھا دیں۔ میں صرف تسلی نہیں، بلکہ حقیقت اور مستند علمی جواب چاہتا ہوں، تاکہ اس معاملے میں میرے دل اور ذہن کو اطمینان حاصل ہو۔ جزاک اللہ خیر‘‘۔
اپنے سوال کے ساتھ نوجوان نے اس کی چاروں کتابوں کے نام اور تواریخ اشاعت بھی درج کی ہے۔
اے نوجوان محقق! اس رابرٹ سپینسر نامی شخص کی کتابوں کی زمانی ترتیب پر غور کیا ہے؟ اس کی کتابوں کی مرحلہ وار زمانی ترتیب اور اس میں موجود متن پر غور کرو تو صاف معلوم ہوتا ہے کہ وہ دھیرے دھیرے نقب لگاتا ہے، اور متشکک ذہنوں کو شکار کر رہا ہے۔ پہلے مرحلے پر وہ کہتا ہے ’’اس بات کا امکان ہے کہ اس نام کی شخصیت عرب میں موجود تھی‘‘، پھر چند سال کے بعد ایک اور کتاب لکھتا ہے اور کہتا ہے ’’نہیں، میں شاید زیادہ پُرامید تھا‘‘۔۔۔ دو سال کے بعد پھر ایک تیسری کتاب لکھتا ہے اور کہتا ہے: ’’یہ غالباً فلسطین میں پیدا ہونے والی کوئی شخصیت تھی۔۔۔‘‘ اور پھر مزید تین سال کے وقفے کے بعد جو کتاب لکھتا ہے، اس میں وہ کھلم کھلا تاریخ میں آپؐ کے وجود ہی کا انکار کر دیتا ہے۔ ایک ذی فہم انسان اس کی لکھی ہوئی کتابوں کی زمانی ترتیب ہی پر اگر غور و فکر کرے تو صاف معلوم ہو جاتا ہے کہ یہ اس کی ایک مکروہ اور مرحلہ وار تخریبی کارروائی ہے۔
دراصل ہر ایرے غیرے کی تحریر پڑھنے والے کے ساتھ یہی ہاتھ ہو جاتا ہے۔ اچھا بھلا آدمی اچھے بھلے راستے پر چلتے ہوئے اپنا راستہ گم کر بیٹھتا ہے۔ کوئی بات پڑھتے ہوئے یہ بات بھی دیکھ لینی چاہیے کہ کون کس کے بارے میں بات کر رہا ہے؟ پاک ہستیوں پر بات کرنے کے لیے پاک باز انسان درکار ہوتے ہیں۔ سچے کی گواہی کوئی جھوٹا نہیں دے سکتا۔
اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے کہ کوئی پڑھا لکھا بندہ ایک جعل ساز بلاگر کی بات پر یقین کر لے اور اس کے کہنے پر اپنے نبیؐ کے وجود پر شک میں مبتلا ہو جائے۔۔۔ اور یہ شخص ایک یہودی آرگنائزیشن، ڈیوڈ ہارورٹز فریڈم سینٹر David Horowitz Freedom Center سے پیسے لے کر اسلام کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے میں مشہور ہے۔ اس آدمی پر متشدد چرچ کے بشپ تک کڑی تنقید کر چکے ہیں کہ یہ جعلی باتیں کرتا ہے۔ یہ وہ آدمی ہے جس پر انگلینڈ کی لبرل حکومت نے بھی اپنے ملک میں داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے کہ یہ شخص نفرت پھیلاتا ہے اور غیر محققانہ باتیں کرتا ہے۔ اس مصنف کے متعلق کم از کم کوئی وکی پیڈیا ہی کھول کر دیکھ لیا جائے تو کافی جان ہو جائے گا۔ وکی پیڈیا ایک آزاد فورم ہے جو ہر شخص کے بارے جو بھی حقائق ہیں، بلا کم و کاست لکھ دیتا ہے۔ اس نام نہاد مصنف کا سارا کچا چٹھا وہاں کھلا ہوا ہے۔
جس شخص میں ذرا سی بھی سوجھ بوجھ ہو، خواہ کتنا ہی لبرل ہی کیوں نہ ہو، رابرٹ سپینسر کے غیر تحقیقی پراپیگنڈہ پر کان نہیں دھرے گا، کہ اس نے ایک ایسی شخصیت کے وجود کو جھٹلایا ہے جو تاریخ کے روشن دن Broad Daylight of History میں دیکھی جا چکی ہے، اور جس کے کردار کی بابت ایک بات، جس کی زندگی کا ایک ایک دن تاریخ میں ریکارڈ ہو چکا ہے۔ جو شخص ایسے جعل ساز کی کتابیں پڑھ کر کنفیوز ہو جائے، اس کی عقل پر ماتم ہی کیا جا سکتا ہے۔
یہ تو بالکل ایسی ہی بات ہے جیسے کوئی میرے بارے میں یہ پراپیگنڈہ کرے کہ اس کا باپ کوئی نہیں تھا، لیکن یہ پیدا ہو گیا ہے۔ عجیب بات ہے، نیوٹن کے قوانین پڑھے جائیں اور ساتھ ہی یہ کہا جائے کہ نیوٹن نام کی کوئی شخصیت انگلینڈ میں پیدا نہیں ہوئی۔ غالب کا کلام پڑھیں اور یہ بحث کریں کہ غالب کی شخصیت موجود تھی بھی یا نہیں۔ یہ بات تو منطقی طور پر بھی درست نہیں کہ اتنا بڑا مذہب پیدا ہو گیا اور اس مذہب کو پیش کرنے والی شخصیت کوئی ہے ہی نہیں؟ دنیا کے دو ارب انسان جس ذات کا کلمہ پڑھتے ہیں، اس ذات کے ہونے کے بارے میں شک؟۔۔۔ اور وہ بھی ایک جعل ساز کے کہنے پر۔ اس پر لاحول ہی پڑھی جا سکتی ہے۔ لوگ پیسے پکڑنے والے صحافی کی بات پر یقین نہیں کرتے، اور حیرت ہے یہاں پیسے پکڑنے والے مصنف کی بات پر یقین کر لیا گیا۔ گویا اندھیرے پر یقین کر لیا، اور روشنی پر شک ہے۔ سورج کی روشنی پر شک صرف چمگادڑوں کا نصیب ہوتا ہے۔
پڑھنے والے نے رابرٹ سپینسر تو پڑھ لیا لیکن اسے دیگر ثقہ انگریزی مصنفین نہیں مل سکے۔ یہ تھامس کارلائل اور جارج برنارڈ شا نہ پڑھ سکا۔ اگرچہ ماننے والوں کے لیے کسی غیر مسلم محقق کی رائے اسلام کے بارے میں قطعاً کوئی اہمیت نہیں رکھتی، لیکن یہ ان لوگوں کے لیے شاید اہم ہو، جن کے لیے انگریز مصنفین کا کہا ہوا حرف آخر ہے۔ تھامس کارلائل ایک معروف سکاٹش مورخ اور مصنف تھا، اس نے رسول کریمؐ پر ایک مقالہ تحریر کیا۔ یہ مقالہ اس نے برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں پڑھا تھا۔ یہ سارا مقالہ ہی سیرت محمد عربیؐ پر ہے۔ اس کا مقالہ بعد میں ایک کتاب On Heroes, Hero-Worship, and the Heroic in History کی صورت میں شائع بھی ہوا۔ وہ لکھتا ہے: ’’اگر انسانوں کی دنیا میں کوئی ہیرو شخصیت موجود ہے، جس کی تقلید کی جا سکتی ہے تو میرے نزدیک وہ صرف حضرت محمدؐ کی ذات ہے‘‘۔ یہ مقالہ پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے، اس فقیر نے جب پہلی مرتبہ یہ مقالہ پڑھا تو بے اختیار آنکھوں میں آنسو جاری ہو گئے تھے۔ اس میں اس نے واضح طور پر لکھا ہے کہ اسلام تلوار کے زور سے نہیں پھیلا، بلکہ یہ کردار محمدیؐ ہے جس نے اسلام کی اشاعت میں واضح کردار ادا کیا ہے۔ معروف انگلش رائٹر جارج برنارڈ شا لکھتا ہے: ’’حضرت محمدؐ انسانیت کے لیے ایک نجات دہندہ ہیں۔ (حضرت) محمدؐ نے دنیا کو اخلاق، پاکیزگی اور انسانیت کا سبق دیا۔ اسلام ایک زندہ اور عملی مذہب ہے، جو ہر دور کے لیے ہے۔ مغرب کو اسلام سے ڈرنے کے بجائے اسے سمجھنے کی ضرورت ہے‘‘۔
ماننے والے۔۔۔ ماننے والوں کی بات مانتے ہیں۔ اگر کوئی ابوجہل کی بات مان لے تو پھر کلمہ تو نہ پڑھ سکے گا۔ یہ قانون قدرت ہے، سچ کے مقابلے جھوٹ اور روشنی کے مقابلے میں اندھیرا پھیلانے والے لوگ پیدا ہوتے رہتے ہیں، سوال یہ ہے کہ تم تاریخ کی کس سائیڈ پر کھڑے ہو۔
اب جو شخص کسی ہستی کے وجود ہی کے بارے میں شک کا شکار ہو چکا ہو، اس کے سامنے ہم اس ہستی کا بلند کردار، عالی افکار اور عظیم جدوجہد کیسے رکھیں، جس نے صرف 23 سال کے عرصے میں انسانی تاریخ کا سب سے بڑا فکری انقلاب برپا کر دیا۔
کچھ باتیں صرف گل کی خوشبو سے معطر ذہنوں سے کی جا سکتی ہیں۔ یقین خوشبو ہے، شک بدبو۔ بدبودار لوگوں سے خوشبودار باتیں کیسے کی جا سکتی ہیں؟





















