لاہور(26نومبر 2026ء)سول سوسائٹی کا دوسرا اہم اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیاسی راہنماؤں، ریٹائرڈ ججز، وکلاء، ماہرین تعلیم و معاشیات، ڈاکٹرز، انجینئرز، زرعی ماہرین، ریٹائرڈ سول و فوجی افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز محب وطن شخصیات و ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سینئر وکیل اسلم زار ایڈووکیٹ نے کی اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر سعید الٰہی نے انجام دئیے۔
سول سوسائٹی کے اجلاس میں خواجہ سعد رفیق، ریاض فتیانہ، محسن لغاری، صمصام بخاری، عابد رضا، جاوید لطیف، پروین آغا، جاوید انور، فرخ سہیل گوئندی، قیوم نظامی، بلال قطب، ڈاکٹر مجیب الرحمن،منیر چشتی،عامر ذوالفقار (سابق آئی جیز)، عامر بلال صوفی، ارم بخاری، کامران مائیکل، شہباز شیخ، ڈاکٹر انجم طاہرہ،ڈاکٹر میمونہ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے قرار دیا گیا کہ سیاسی، انتخابی، معاشی، انتظامی اصلاحات،الیکشن کمیشن کی تشکیل نو، فوڈ سکیورٹی عدالتی اصلاحات، مقامی حکومتوں کے بااختیار قیام، قومی و آبی وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے وسیع تر مکالمہ کرنا ہو گا۔
اجلاس میں قرار دیا گیا کہ چھوٹے صوبوں کی تشکیل کے لئے کسی عجلت کا مظاہرہ کرنے کی بجائے آئین کی روشنی میں ایک نمائندہ قومی کمیشن تشکیل دیا جائے جو اپنی سفارشات پارلیمنٹ میں پیش کرے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ طے شدہ ڈسپلن سیاسی جماعتوں کی مداخلت کی پابندی کے ساتھ طلبہ یونین کی بحالی،فوڈ سکیورٹی، زراعت کی ترقی،کرپشن، الزام تراشی، بداخلاقی، سوشل میڈیا کے منفی استعمال کے سدباب کے لئے عوامی شعور بیدار کرنا ہوگا۔ مزید برآں تعلیمی و نصابی اصلاحات، پاور سیکٹر، مساوی نظام تعلیم کے لئے سول سوسائٹی اور ملک کے تعلیم یافتہ محب وطن شخصیات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
اجلاس میں قرار دیا گیا کہ سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کے لئے مکالمہ اور رابطوں کے سیاسی کلچر کو فروغ دینا ہو گا۔اجلاس میں تجویز کیا گیا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل سول سوسائٹی کا ایک حلقہ فکر تشکیل دیا جائے جو گڈگورننس کے حصول اور جمہوری و حکومتی امور میں عام پاکستانی کی شراکت کو یقینی بنانے کے لئے تجاویز دے، اس کے علاوہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی، خوراک، روزگار، چھت، صحت اور ذرائع نقل و حمل کی بنیادی سہولیات تک عام آدمی کی رسائی کو آسان بنانے کے لئے اپنا ماہرانہ کردار ادا کرے۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دنیا میں کامیابی کے ساتھ چلنے والے انتظامی ماڈلز سے استفادہ کیا جائے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے تعلیم یافتہ افراد کی آراء اور تجربات سے راہنمائی لی جائے، اجلاس میں قرار دیا گیا کہ عوامی مسائل کو گھر کی دہلیز پر حل کرنے کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مقامی حکومتوں کا بااختیار نظام قائم کرنا ہو گا اور مقامی معیشت اور علاقائی تعمیر و ترقی کے ایک نئے انتظامی ماڈل کو روبہ عمل لانا ہو گا۔
سول سوسائٹی کے اجلاس میں شریک مختلف شعبہ جات کے ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ آئین پاکستان کی حرمت اور اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، آئین کے تحت بااختیار عدلیہ، ججز کی تعیناتی کے شفاف آئینی نظام کے لئے اصلاحات ضروری ہیں۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ سینیٹ میں صوبوں کی نمائندگی، جغرافیائی حدود، مقامی، نسلی و لسانی گروپس کی شرکت اقتدار اور بنیادی انتظامی اقدامات سمیت تمام اہم ایشوز پر مکالمہ کرنا ہو گا اور اس ضمن میں سول سوسائٹی اپنا ماہرانہ کردار انجام دے۔ اجلاس میں ایران، امریکہ تنازع میں پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کو سراہا گیا اور مکہ دفاعی معاہدے کو علاقائی اور قومی سلامتی کے لئے بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ سول سوسائٹی کو عوامی سطح پر قومی ایشوز پر بیداری کی فضا اور ساز گار ماحول پیدا کرنے کے لئے اپنا قومی کردار ادا کرنا ہو گا۔





















