ایران کی روس کو ہتھیار بھیجنے کی تردید

تہران ،ماسکو: کریملن نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ایران نے روس کو میزائل بھیجے ہیں۔ ماسکو نے کہا کہ مختلف ہتھیاروں کی منتقلی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے منگل کو کہا تھا کہ روس نے ایران سے بیلسٹک میزائل حاصل کیے ہیں اور امکان ہے کہ وہ ان کو ہفتوں کے اندر یوکرین میں استعمال کرے گا۔
بلنکن نے انتباہ کیا کہ ماسکو اور تہران کے درمیان تعاون سے یورپ کی وسیع تر سلامتی کو خطرہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تہران نے بھی واشنگٹن کے ان الزامات کو بدصورت پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے روس کو کوئی بیلسٹک میزائل منتقل نہیں کیا۔ ان کے ملک کے خلاف امریکہ اور یورپی ٹرائیکا ممالک کی طرف سے عائد کردہ پابندیاں کسی مسئلے کا حل نہیں ہیں۔
انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک بار پھر امریکہ اور یورپی ٹرائیکا ممالک ناقص انٹیلی جنس معلومات اور غلط منطق کی بنیاد پر کارروائی کر رہے ہیں۔ یورپی ٹرائیکا برطانیہ، جرمنی اور فرانس ہیں۔ ایران نے برطانیہ، جرمنی اور فرانس کی جانب سے عائد کردہ نئی پابندیوں کا جواب دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین