جعلی گرفتاری وارنٹ پوسٹ کرنا شہری کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے پکڑ لیا

وینگ نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ سب صرف بوریت ختم کرنے کے لیے کیا تھا۔

چین:چین میں ایک شہری کو اپنی گرفتاری کا جعلی وارنٹ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، 11 نومبر کو ایک شخص نے اپنی تصویر کے ساتھ ایک جعلی ’وانٹڈ آرڈر‘ پوسٹ کیا۔ اس آرڈر میں اس نے خود کو وینگ ییبو (جو کہ ایک مشہور چینی اداکار اور ڈانسر ہیں) بتایا اور کہا کہ وہ مفرور ہے۔

پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ چن یوان کاؤنٹی کا رہائشی ہے اور اس نے 10 نومبر 2024 کو ایک کمپنی سے 3 کروڑ یوان بھتہ لیا ہے۔ مزید لکھا کہ اس کے پاس ایک سب مشین گن اور 500 گولیاں ہیں، اور جو بھی اسے گرفتار کرے گا اسے 30 ہزار یوان انعام دیا جائے گا۔

یہ جعلی وارنٹ پوسٹ وائرل ہوگئی اور ایک دن کے اندر 3 لاکھ 50 ہزار ویوز، 2500 لائیکس، 80 کمنٹس، اور 1155 شیئرز حاصل کر لیے۔

یہ پوسٹ صرف عام لوگوں تک محدود نہیں رہی بلکہ چن یوان کی پولیس نے بھی اسے دیکھ لیا۔ انہوں نے 12 نومبر کو تحقیقات شروع کیں اور وینگ کو گرفتار کر لیا۔

تفتیش کے دوران پولیس نے تصدیق کی کہ وینگ کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا اور نہ ہی اس نے کسی کمپنی سے بھتہ لیا تھا۔ وینگ نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ سب صرف بوریت ختم کرنے کے لیے کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین