اسلام آباد:سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے بات چیت سمیت تمام جمہوری معاملات کو جمہوری طریقے سے ہی حل کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان، سیاسی معاملات بعد میں۔ میں جلد وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات ہوتے دیکھ رہا ہوں، اور مولانا فضل الرحمان کا معاملہ بھی حل ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی نمائندگی کا مسئلہ بھی جلد طے ہو جائے گا۔ ان شاء اللہ یہ سب جلد ہوتا دیکھ رہا ہوں، اور یہی صحیح راستہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں ضائع نہیں جائیں گی اور تمام سیاسی جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گی۔