آلو دنیا کی مقبول ترین سبزیوں میں شمار ہوتے ہیں، لیکن زیادہ وقت گزرنے پر یہ نرم ہو جاتے ہیں یا ان میں جڑیں نکل آتی ہیں۔ اگر آپ بھی آلو کو طویل عرصے تک ذخیرہ کرنے کے دوران ان مسائل کا سامنا کر رہے ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
یہاں ایک آسان اور کارآمد طریقہ پیش کیا جا رہا ہے، جس پر عمل کرکے آپ آلو کو چھ ماہ تک تقریباً اسی حالت میں رکھ سکتے ہیں، جیسے وہ خریدے گئے ہوں۔
آلو کو تازہ رکھنے کے لیے ہوا کی مناسب گردش ضروری ہے۔ انہیں کبھی بھی پلاسٹک کے تھیلوں میں نہ رکھیں، کیونکہ یہ ہوا کی گزرگاہ بند کر دیتے ہیں۔ اس کے بجائے، آلو کو جوٹ کی بوریاں یا کاغذ کے تھیلے میں ذخیرہ کریں، جو ان کی تازگی برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
آلو کو دیگر سبزیوں، خاص طور پر پیاز کے ساتھ نہ رکھیں، کیونکہ پیاز سے نکلنے والی ایتھیلین گیس آلو کی تازگی کو متاثر کر سکتی ہے اور ان کے خراب ہونے کا باعث بن سکتی ہے۔
ایتھیلین گیس آلو سمیت دیگر سبزیوں کو جلدی پکنے پر مجبور کرتی ہے، اس لیے آلو کو الگ سے ذخیرہ کریں تاکہ وہ زیادہ دیر تک تازہ رہ سکیں۔
آلو کو روشنی سے دور اور ٹھنڈی، تاریک جگہ پر رکھیں۔ روشنی آلو میں فوٹو سنتھیسز اور انکرن کو تیز کرتی ہے، جس سے وہ خراب ہو سکتے ہیں یا ان میں جڑیں نکل سکتی ہیں۔
مندرجہ بالا آسان اقدامات پر عمل کرتے ہوئے، آپ اپنے آلو کو نہ صرف محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ ان کی تازگی کو بھی چھ ماہ تک برقرار رکھ سکتے ہیں۔





















