سمندر کی گہرائیوں میں ایک انسان جیسی آنکھ والی مخلوق نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کی خوفناک ویڈیو نے لوگوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔
اکثر لوگوں کو سمندر کی گہرائیوں کے ذکر سے خوف آتا ہے، کیونکہ یہ وہ جگہ ہے جسے انسانوں نے صرف پانچ فیصد ہی دریافت کیا ہے۔ کوئی بھی یقین سے نہیں جانتا کہ وہاں کیا کچھ چھپا ہوا ہے۔ حال ہی میں سمندر سے کچھ ایسی خوفناک ویڈیوز سامنے آئیں ہیں جن میں قدیم خوفناک شارک دکھائی گئی ہے۔
اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد انٹرنیٹ صارفین میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ اوشین ایکس نے ووپر شارک کا ایک کلپ یوٹیوب پر شیئر کیا ہے جس نے بہت سے ناظرین کو ڈرا دیا ہے۔
شروعات میں کلپ میں ہونے والے واقعات واضح نہیں تھے، کیونکہ ریت میں حرکت کرنے والی مخلوق دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ لیکن پھر ایک بڑی سانپ جیسی چیز نظر آتی ہے، جس کے ساتھ ووپر شارک کا سر بھی نمودار ہوتا ہے۔ یہ شارک ایک چھوٹی آبدوز کی کھڑکی سے گزرتی ہے اور اپنی انسانی جیسی آنکھ دکھاتی ہے، جسے دیکھ کر خوف آتا ہے۔
ووپر شارک ایک قدیم نسل ہے جو 20 فٹ لمبی اور 1,000 کلوگرام تک بڑھ سکتی ہے۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اس لمحہ کو محفوظ کرنے کے لیے ایلیوتھیرا انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ شراکت داری کی گئی تھی، جس کا مقصد شارک پر سیٹلائٹ ٹیگ لگانا تھا، جو کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا۔
ٹیم نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف گہرے سمندر کی شارک ہے، جسے بلنٹنوز سِکس گِل یا ووپر شارک کہا جاتا ہے۔ یہ ایک قدیم نسل ہے جو ڈائنوسار کے دور سے موجود ہے اور گہرے سمندر کے ماحولیاتی نظام میں ایک بہترین شکاری ہے۔