اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں حالیہ دہشتگرد واقعات کی مذمت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے، اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان میں کسی بھی غیر قانونی غیر ملکی کو رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران تمام اداروں کے بھرپور تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور امریکی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نیٹلی بیکر بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی الوداعی ملاقات
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا