عدت نکاح کیس: عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کیخلاف خاور مانیکا کی اپیل سماعت کیلئے مقرر

خاور مانیکا نے 13 جولائی 2024 کے ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی بریت کے خلاف خاور مانیکا کی اپیل سماعت کے لیے کل مقرر کر دی۔

ہائی کورٹ کے نئے جج، جسٹس اعظم خان، اس اپیل کی سماعت کریں گے۔ خاور مانیکا نے 13 جولائی 2024 کے ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے، جس میں عمران خان اور بشری بی بی کو بری قرار دیا گیا تھا۔

خاور مانیکا کی اپیل میں ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ 13 جولائی 2024 کو ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان اور بشری بی بی کو عدت نکاح کیس میں بری کر دیا تھا۔

اس سے قبل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عدت کے دوران نکاح کے معاملے پر عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی سزا کو ختم کر دیا تھا۔ تاہم، سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں عدت نکاح کیس کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور بشری بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجا اور بشری بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے استغاثہ کے چاروں گواہوں پر جرح کی تھی۔ ان گواہوں میں خاور مانیکا، عون چوپدری، نکاح خواں مفتی سعید، اور ملازم لطیف شامل تھے، جو عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین