ماڈل اور اداکارہ متھیرا نے سوشل میڈیا اسٹار چاہت فتح علی خان کی جانب سے ان کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنانے اور اسے وائرل کرنے پر شدید تنقید کی ہے۔
متھیرا کا کہنا ہے کہ ان کی بے باکی کو غلط سمجھنا یا ان کی ذاتی حدود کو نظرانداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ جو ویڈیو وائرل ہوئی ہے، وہ ان کے شو کے کیمروں سے نہیں بلکہ چاہت فتح علی خان نے کسی عجیب زاویے سے خود بنائی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے مہمانوں کی عزت کرتی ہیں، لیکن چاہت نے ان کے اعتماد کو مجروح کیا ہے۔
متھیرا نے کہا، "بولڈ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی بھی مجھے گلے لگائے یا میری پشت پر ہاتھ رکھے۔ یہ رویہ میری ذاتی حدود کی خلاف ورزی ہے، اور ایک مہذب انسان ایسی حرکت نہیں کرتا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ چاہت فتح علی خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ویڈیو ڈیلیٹ کر دیں گے، لیکن نہ تو ویڈیو ہٹائی گئی اور نہ ہی معذرت کی گئی۔
متھیرا نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ صرف شہرت کے لیے ایسے کام کرتے ہیں، جو کہ بہت افسوسناک ہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ ان کی ذاتی حدود کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا، "براہ کرم نہ مجھے گلے لگانے کی کوشش کریں اور نہ ہاتھ ملانے کی، کیونکہ میری کچھ حدود ہیں جنہیں نظرانداز کرنا ناقابل قبول ہے۔”