عثمان خواجہ کی پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری، اہم ریکارڈ بھی بنا ڈالا

آسٹریلوی اوپنر نے 290 گیندوں پر شاندار ڈبل سنچری مکمل کی

کراچی:آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری اسکور کرکے کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

انہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا، جس کے ساتھ ہی وہ سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن گئے۔

38 سالہ عثمان خواجہ نے 290 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے شاندار ڈبل سنچری مکمل کی۔

عثمان خواجہ سے پہلے مارک ٹیلر، گریگ چیپل، ڈین جونز، میتھیو ہیڈن اور جیسن گلیسپی بھی ایشیا میں ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چھٹے آسٹریلوی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ میچ کے پہلے روز آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کا سنگ میل عبور کیا اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے آسٹریلیا کے چوتھے بلے باز بنے۔

میچ کے دوسرے روز اسٹیو اسمتھ 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اگر اننگز کے لحاظ سے دیکھا جائے تو وہ 205 اننگز میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے، جبکہ مجموعی طور پر یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے 15ویں کرکٹر بنے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین