واشنگٹن کے قریب ایک مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئے، جس کے نتیجے میں مسافر طیارہ دریائے پوٹومیک میں گر گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب امریکی ایئرلائن کی ایک پرواز کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی۔ رن وے کے قریب طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، جس کے بعد وہ دریا میں جا گرا۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق، یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 8 بجکر 48 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ 166 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محوِ پرواز تھا۔
بمبارڈیئر CRJ700 طیارے میں 78 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی، تاہم حادثے کے وقت اس میں 64 افراد سوار تھے۔ ٹکر کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے دریا میں غوطہ خور تعینات کر دیے، اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
امریکی حکام کے مطابق، اب تک 18 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر میں تین اہلکار موجود تھے، جو تربیتی پرواز پر تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، حادثے میں شامل فوجی ہیلی کاپٹر بلیک ہاک ماڈل کا تھا، جو معمول کی تربیتی مشق کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔
حادثے کے بعد واشنگٹن کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی، جنہوں نے کہا کہ وہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
واشنگٹن ڈی سی کے فائر چیف نے بتایا کہ خراب موسم اور شدید سردی کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مشکل ہو رہی ہیں، اور ریسکیو آپریشن کئی گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاحال کسی زندہ بچ جانے والے شخص کی اطلاع نہیں ملی۔
واشنگٹن ڈی سی کی میئر نے بتایا کہ حادثے کے بعد دریائے پوٹومیک میں چلنے والی کشتی سروس بھی بند کر دی گئی ہے تاکہ امدادی کارروائیوں میں کوئی خلل نہ آئے۔