نیند جسم کے ہر عضو کیلئے بے حد ضروری قرار

اس لیے اچھی نیند کو معمول کا حصہ بنانا ہماری مجموعی صحت کے لیے ضروری ہے۔

نیند صرف سکون کا ذریعہ نہیں بلکہ جسم کے ہر عضو کی کارکردگی اور صحت کے لیے ایک لازمی عمل ہے۔ یہ دماغ کو معلومات سنبھالنے، دل کو آرام دینے، مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور جلد کو تروتازہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

نیند انسانی جسم کے ہر عضو کے لیے اتنی ہی ضروری ہے جتنی غذا اور پانی، کیونکہ یہ دماغ کو روزمرہ کے تجربات کو سمجھنے، یادداشت کو بہتر بنانے اور نئی چیزیں سیکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

نیند صرف دماغ ہی نہیں بلکہ پورے جسم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے اچھی نیند کو معمول کا حصہ بنانا ہماری مجموعی صحت کے لیے ضروری ہے۔

آئیے جانتے ہیں کہ نیند مختلف جسمانی نظاموں پر کیسے اثر انداز ہوتی ہے

دماغ اور اعصابی نظام
نیند دماغ کو یہ موقع دیتی ہے کہ وہ دن بھر کے تجربات کو منظم کرے، یادداشت کو محفوظ کرے اور نئی معلومات کو بہتر طریقے سے سیکھنے کے قابل بنائے، جبکہ نیند کی کمی توجہ بٹنے، فیصلے میں غلطی اور مزاج میں چڑچڑاہٹ جیسے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

دل اور دورانِ خون کا نظام
جب ہم سوتے ہیں تو ہمارا دل اور خون کی شریانیں کچھ دیر کے لیے سکون میں آتی ہیں، لیکن اگر نیند پوری نہ ہو تو ہائی بلڈ پریشر، دل کے دورے اور اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

نظامِ ہاضمہ اور میٹابولزم
اچھی نیند جسم کے میٹابولزم کو متوازن رکھتی ہے، لیکن اگر نیند کم ہو جائے تو ہارمونز کا توازن بگڑ جاتا ہے جس سے وزن تیزی سے بڑھ سکتا ہے، ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور انسولین کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔

مدافعتی نظام
گہری اور مکمل نیند ہمارے مدافعتی نظام کو طاقتور بناتی ہے، جس کی وجہ سے جسم مختلف بیماریوں کا مقابلہ بہتر طریقے سے کر پاتا ہے، جبکہ نیند کی کمی کی صورت میں انفیکشنز اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

پٹھے اور ہڈیوں کا نظام
نیند کے دوران جسم میں مرمت اور نشوونما کا عمل جاری رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پٹھوں کی مضبوطی، زخموں کا جلد بھرنا اور ہڈیوں کی صحت میں نیند کا بڑا کردار ہوتا ہے۔

آنکھیں اور جلد
صحیح اور مکمل نیند آنکھوں کو صحت مند اور جلد کو تروتازہ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، لیکن جب نیند پوری نہ ہو تو آنکھوں میں خشکی، دھندلا دیکھنا اور جلد پر جھریوں کا نمودار ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین