ہالی ووڈ کے سب سے مہنگے اداکار جانی ڈیپ مالی مشکلات کا شکار کیسے بنے؟

2012 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار قرار دیا

ہالی ووڈ کے مشہور اداکار جانی ڈیپ، جنہوں نے "پائریٹس آف دی کیریبین” سے شہرت پائی، مالی بحران کا شکار ہوگئے۔ ایک وقت میں 900 ملین ڈالر کی دولت رکھنے والے ڈیپ نے 650 ملین ڈالر خرچ کر دیے اور 100 ملین ڈالر کے مقروض ہوگئے۔ بے تحاشہ اخراجات، شراب پر 30 ہزار ڈالر ماہانہ، نجی جزیرے، اور قانونی مسائل نے انہیں مشکلات میں ڈالا۔ اب 61 سالہ ڈیپ فلم "ڈے ڈرنکر” کے ذریعے 2026 میں واپسی کی کوشش کر رہے ہیں۔

ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور "پائریٹس آف دی کیریبین” کے اسٹار جانی ڈیپ مالی مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ایک وقت تھا جب جانی ڈیپ ہالی ووڈ کے سب سے کامیاب اداکاروں میں سے ایک تھے۔ ان کی فلموں "پائریٹس آف دی کیریبین” اور "فینٹاسٹک بیسٹس” نے انہیں دنیا بھر میں شہرت دی۔

2012 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا اداکار قرار دیا۔ 2014 میں ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 90 کروڑ ڈالر (900 ملین ڈالر) لگایا گیا تھا۔

لیکن وقت کے ساتھ جانی ڈیپ کی مالی بدانتظامی اور قانونی مسائل نے ان کی زندگی کو متاثر کیا۔ ان کے سابق مینیجرز، دی مینجمنٹ گروپ (TMG)، نے بتایا کہ ڈیپ ہر ماہ 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ خرچ کرتے تھے، جن میں صرف شراب پر 30 ہزار ڈالر ماہانہ خرچ ہوتا تھا۔

اس کے علاوہ ان کے اخراجات میں نجی جزیرے، مہنگے زیورات، اور ایک بڑا اسٹاف شامل تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، جانی ڈیپ نے خود مانا کہ انہوں نے اپنی دولت کا بڑا حصہ یعنی 65 کروڑ ڈالر (650 ملین ڈالر) ضائع کر دیا اور ایک وقت میں وہ 10 کروڑ ڈالر (100 ملین ڈالر) کے مقروض بھی ہوگئے۔

اب 61 سالہ جانی ڈیپ ہالی ووڈ میں دوبارہ اپنی جگہ بنانے اور مالی استحکام حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کی نئی فلم "ڈے ڈرنکر” 2026 میں ریلیز ہوگی، جو ان کی سابقہ اہلیہ امبر ہرڈ سے طلاق کے بعد ہالی ووڈ میں ان کی شاندار واپسی ثابت ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین