نیویارک ٹائمز اسکوائر پر پاکستانی فلم "لوو گرو” کے ٹریلر کی جھلکیاں

اس ٹریلر کی نمائش کو ناصرف فلمی دنیا بلکہ عام عوام نے بھی خوب سراہا

پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری! نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر پہلی بار کسی پاکستانی فلم کا ٹریلر دکھایا گیا۔ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی فلم "لوو گرو” کا ٹریلر اس تاریخی مقام پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جسے دیکھنے والوں نے خوب سراہا۔

امریکا کے معروف اور مصروف ترین مقام ٹائمز اسکوائر پر پاکستان کی رومانوی مزاحیہ فلم ’’لوو گرو‘‘ کا ٹریلر شاندار انداز میں پیش کیا گیا، جس میں فلم کے دونوں مرکزی اداکار، ہمایوں سعید اور ماہرہ خان بھی موجود تھے۔

یہ موقع پاکستانی سینما کے لیے ایک بڑی کامیابی ثابت ہوا، کیونکہ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی پاکستانی فلم کو اس بین الاقوامی اسکرین پر نمائش کا اعزاز حاصل ہوا۔ ’’لوو گرو‘‘ کے اس ٹریلر کی نمائش کو ناصرف فلمی دنیا بلکہ عام عوام نے بھی خوب سراہا۔

ٹریلر دکھانے کے دوران ہمایوں سعید اور ماہرہ خان نے نہ صرف مداحوں سے ملاقات کی بلکہ ان کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں، جسے بعد میں انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ ان لمحوں کی ویڈیوز اور تصویریں تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

ٹریلر کی نمائش کے دوران وہاں موجود افراد بڑی دلچسپی سے اسے دیکھتے رہے۔ فلم کی کہانی ایک نوجوان کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو مختلف لڑکیوں کے دل جیتنے کے بعد پہلی بار حقیقی محبت کو محسوس کرتا ہے۔ کہانی میں اہم موڑ اس وقت آتا ہے جب ماہرہ خان کے والد کا کردار نبھانے والے سینئر اداکار جاوید شیخ، اسے ایک بڑی ذمہ داری سونپتے ہیں۔

فلم ’’لوو گرو‘‘ کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا، جس کا شائقین بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین