فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میرے لئے اعزاز ، ان کا مشکور ہوں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

یہ تاریخی دورہ پاک امریکہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی شناخت و اعتماد کا مظہر ہے

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مدعو کرنے کا مقصد جنگ کے امکانات کو روکنے پر ان کا شکریہ ادا کرنا تھا۔

فیلڈ مارشل سے ملاقات اعزاز

وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں فیلڈ مارشل سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے اور یہ امر قابل قدر ہے کہ پاکستان اور بھارت، جو دونوں جوہری طاقتیں ہیں، کے درمیان کشیدگی کے باوجود فیلڈ مارشل نے امن کو ترجیح دی۔

فیلڈ مارشل کا شکریہ

صدر ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خاص طور پر جنگ کے خدشات کو ٹالنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ اس ملاقات میں ایران سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

تفصیلی تبادلہ خیال

ذرائع کے مطابق، صدر ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس دوران پاک بھارت تعلقات اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیکسگتھ سے بھی ملاقاتیں کیں۔یہ تاریخی دورہ پاک امریکہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی شناخت و اعتماد کا مظہر ہے۔

وائٹ ہائوس آمد

فیلڈ مارشل کو کسی بھی بھارتی وفد سے قبل وائٹ ہاؤس میں مدعو کرنا اس امر کی واضح علامت ہے کہ پاکستان امریکہ کی خارجہ پالیسی میں ایک اسٹریٹجک ترجیح بن چکا ہے۔ صدر ٹرمپ سے ان کی ملاقات اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ امریکہ خطے میں استحکام کے قیام میں پاکستان کے کردار کو سنجیدگی سے تسلیم کرتا ہے۔باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکہ اور صدر ٹرمپ سے ملاقات، جنوبی ایشیا میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ اور اہم کردار کا مظہر ہے۔قبل ازیں، امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان کو پسند کرتے ہیں، جو ایک اہم ایٹمی طاقت ہے، اور پاکستان کے آرمی چیف اپنے ملک کی ایک بااثر اور اہم شخصیت ہیں جنہوں نے جنگ بندی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین