لاہور(خصوصی رپورٹ:رمیض حسین )نظام المدارس پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ الحسین منہاج القرآن، رضوان گارڈن لاہور میں ’’معرکۂ حق، بنیان المرصوص ‘‘سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور دینی و تعلیمی حلقوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت صدر نظام المدارس پاکستان مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں ناظمِ اعلیٰ نظام المدارس پاکستان اور رکن قومی پیغامِ امن کمیٹی حکومتِ پاکستان ڈاکٹر علامہ میر آصف اکبر قادری، ترجمان متحدہ مدارس کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، امیر متحدہ جمعیت اہل حدیث پاکستان علامہ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان (چیئرمین وفاق المدارس رضویہ)، نائب صدر مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ عروۃ الوثقیٰ لاہور علامہ توقیر عباس، صدر بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن لاہور مفتی شیخ عبد اللطیف، صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان علامہ مفتی محمد زبیر اور ناظم امتحانات بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن علامہ ندیم شمس شامل تھے۔

اس موقع پر صدر علماء کونسل لاہور علامہ محمد رفیق قادری، ناظم علماء کونسل لاہور علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ محمد اقبال نورانی، علامہ عمران انیس طاہری، مفتی محمد اکرم سعیدی، علامہ ظہیر عباس نعیمی، مفتی محمد اکرام نجمی، علامہ اعجاز احمد نعیمی اور علامہ محمد طاہر مہروی سمیت دیگر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ معرکۂ حق محض ماضی کی ایک داستان نہیں بلکہ مستقبل کی سمت کا تعین کرنے والا ایک اہم مرحلہ ہے، جس نے قوم کو فکری طور پر متحد، عملی طور پر منظم اور مقصد کے اعتبار سے یکسو کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ دراصل قرآنی تصور کی عملی تعبیر ہے، جہاں پوری قوم، افواجِ پاکستان اور قیادت ایک صف میں کھڑی نظر آتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جدوجہد کے نتیجے میں عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور دفاعی اعتبار سے ملک ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر ابھرا ہے، جس کا سہرا سپہ سالار قوم فیلڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیر کی قیادت کو جاتا ہے۔
مقررین نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان سفارتی محاذ پر نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور عالمی سطح پر امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق بڑی عالمی طاقتوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔
تقریب کے اختتام پر افواجِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی قربانیوں، جرات اور حب الوطنی کو ملک کے دفاع کی ناقابلِ تسخیر بنیاد قرار دیا گیا۔
مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور باوقار ریاست کے طور پر ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا، جبکہ ملک میں اتحاد، یکجہتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔





















