دبئی(خصوصی رپورٹ:غلام مرتضی)دنیا کے دیگر حصوں کی طرح عرب خطہ بھی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث گاڑیوں میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر دبئی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی میں معمولی سی لاپروائی بھی گاڑی میں آتش زدگی کا باعث بن سکتی ہے۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما کے دوران گاڑیوں میں آگ لگنے کی بڑی وجوہات میں ناقص برقی وائرنگ، ایندھن یا تیل کا رساؤ، بروقت مرمت اور دیکھ بھال نہ کرانا، خراب بیٹری اور انجن کا ضرورت سے زیادہ گرم ہونا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گاڑی کے اندر آتش گیر اشیا چھوڑنا بھی سنگین خطرے کا سبب بن سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق لائٹر، پاور بینک، ایروسول اسپرے، گیس سلنڈر اور دباؤ والے دیگر کنٹینرز کو بند گاڑی میں چھوڑنا انتہائی خطرناک ہے، کیونکہ شدید گرمی میں یہ اشیا آگ لگنے یا کسی حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔
ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی باقاعدگی سے سروس کرائیں اور برقی نظام کا معائنہ کرواتے رہیں۔ انجن آئل، کولنٹ اور بیٹری کی حالت بھی مسلسل جانچتے رہیں، جبکہ گاڑی کے اندر کسی قسم کی آتش گیر یا دباؤ والی چیز ہرگز نہ چھوڑیں۔
دبئی پولیس نے گاڑی میں معیاری فائر ایکسٹنگوشر رکھنے اور اس کی مدتِ استعمال باقاعدگی سے چیک کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔ اگر دورانِ سفر دھواں اٹھتا دکھائی دے یا جلنے کی بو محسوس ہو تو گاڑی فوراً محفوظ مقام پر روک کر انجن بند کر دیا جائے اور متعلقہ ہنگامی اداروں سے رابطہ کیا جائے۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ گرمی کے مہینوں میں معمولی احتیاط قیمتی املاک کو نقصان سے بچانے کے ساتھ انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے اپنی گاڑی کی فنی حالت کا مکمل جائزہ لیں اور کسی بھی ممکنہ خرابی کو نظر انداز نہ کریں۔
روزنامہ تحریک کے سینئر صحافی نے کہا کہ شدید گرمی محض انسانی صحت کے لیے ہی خطرہ نہیں بنتی بلکہ گاڑیوں کے برقی اور مکینیکل نظام پر بھی غیر معمولی دباؤ ڈالتی ہے۔ بلند درجہ حرارت میں خراب وائرنگ، بیٹری کی کمزوری، ایندھن یا تیل کا رساؤ اور انجن کا زیادہ گرم ہونا معمولی فنی خرابی کو بڑے حادثے میں تبدیل کر سکتا ہے۔ اسی طرح بند گاڑی میں پاور بینک، لائٹر، ایروسول اسپرے اور دباؤ والے کنٹینرز چھوڑنا خطرے میں مزید اضافہ کرتا ہے۔
دبئی پولیس کی ہدایات سے واضح ہوتا ہے کہ گاڑیوں میں آتش زدگی کے بیشتر خطرات بروقت احتیاط، باقاعدہ سروس اور معمولی خرابیوں پر فوری توجہ دے کر کم کیے جا سکتے ہیں۔ اکثر ڈرائیور گاڑی کے ظاہری طور پر درست چلنے کو اس کی مکمل فنی سلامتی سمجھ لیتے ہیں، حالانکہ ناقص وائرنگ، کم کولنٹ یا بیٹری کی خرابی اچانک سنگین صورت اختیار کر سکتی ہے۔
یہ ہدایات صرف دبئی تک محدود نہیں بلکہ شدید گرمی کا سامنا کرنے والے تمام علاقوں کے ڈرائیوروں کے لیے اہم ہیں۔ سفر سے پہلے گاڑی کی فنی حالت جانچنا، فائر ایکسٹنگوشر ساتھ رکھنا اور دھواں یا جلنے کی بو کو نظر انداز نہ کرنا انسانی جانوں اور قیمتی املاک کے تحفظ کے لیے ناگزیر احتیاط ہے۔





















