منہاج یونیورسٹی لاہور میں چھٹی قومی میری ٹائم کانفرنس، سمندری سلامتی اور قومی چیلنجز پر ماہرین کا اظہارِ خیال

بحری راستوں کو منشیات اور منظم جرائم کے نیٹ ورک سے محفوظ بنانا قومی سلامتی اور نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔وی سی منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد

لاہورر (خصوصی رپورٹ:حافظ عمران) منہاج یونیورسٹی لاہور کے سنٹر آف ریسرچ اینڈ انوویشن اِن میری ٹائم افیئرز (CRIMA) ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی اور سلور لائننگ پاکستان کے اشتراک سے گزشتہ روزچھٹی "قومی میری ٹائم کانفرنس "کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں پاکستان نیوی وار کالج کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد ،نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے ڈپٹی کمانڈنٹ جنرل مسرور احمد کولاچی اور رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزادنے شرکت و خطاب کیا۔مسرور احمد کولاچی نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود اور بحری راستوں کا تحفظ ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

بحری راستوں کو منشیات اور منظم جرائم کے نیٹ ورک سے محفوظ بنانا قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے مستقبل کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے ۔قبل ازیں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹائم سکیورٹی محض سمندری حدود کے تحفظ تک محدود نہیں بلکہ اس کا براہِ راست تعلق قومی معیشت، تجارت، سلامتی اور بین الاقوامی روابط سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندری راستوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ ایک سنگین چیلنج ہے جس کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی، جدید ٹیکنالوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور میں چھٹی قومی میری ٹائم کانفرنس، سمندری سلامتی اور قومی چیلنجز پر ماہرین کا اظہارِ خیال

انہوں نے مزید کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور ایسے اہم قومی موضوعات پر تحقیق، علمی مکالمے اور پالیسی سازی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی رہے گی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر سلور لائننگ پاکستان ڈاکٹر محمد ریاض نے کہا کہ پاکستان کے لیے میری ٹائم سیکٹر معاشی ترقی اور علاقائی روابط کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ سی ای او پاکستان چیریٹیز کمیشن لاہور کرنل (ر) شہزاد عامر نے کہا کہ قومی سلامتی کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے تناظر میں جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔۔کانفرنس میں دو پینل ڈسکشنز بھی ہوئیں جن میں پاکستان نیوی، کسٹمز، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے شعبوں سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔

کانفرنس کے اختتام پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے ڈپٹی کمانڈنٹ جنرل مسرور احمد کولاچی نے باہمی تعاون پر مبنی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ کانفرنس میں سابق کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل (ر) نوید احمد رضوی، کنسلٹنٹ اینٹی ڈرگ نارکوٹکس سید ذوالفقارحسین ،اسسٹنٹ پروفیسر پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی ڈاکٹر محمد خلیل الرحمان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر (CRIMA) ڈاکٹر وقاصیہ نعیم سمیت منہاج یونیورسٹی لاہور کے اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین