لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اِس طرح کے لوگوں کو پروان چڑھایا، یہ ہے 9 مئی کے مجرموں کی اصلیت، اسی غلیظ ذہنیت نے ملک اور سیاست کو گندا کیا ہے۔
اسلام آباد کے قریب سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خطاب پر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کیا۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے علی امین گنڈاپور سے سوال کیا کہ بدمعاش غنڈے اور سڑک چھاپ اپنے گھروں میں اپنی بہنوں سے اسی طرح مخاطب ہوتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ جو اس غلیظ اور گھٹیا ذہنیت کو سپورٹ کریں وہ بھی ایسے ہی ہیں، انہی غلیظ بیانات کی وجہ سے 9 مئی کا مجرم کہتا ہے میں علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ معاشرے کی غلاظت کے ذمہ دار ہیں، یہ ہے خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ جو غیرت مند اور خواتین کی عزت کرنے والے پٹھانوں کی نمائندگی کر رہا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام پر ترس آتا ہے اور دل دکھتا ہے۔