وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سفیران امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ میں دادا مرحوم کے ساتھ سیاسی مہم کے لیے خیبرپختونخوا گیا تھا، میرا پختون ثقافت کے ساتھ پہلا تجربہ تھا، ہمیں بہت عزت دی گئی، یہ روایات کئی صدیوں پر مشتمل ہے، وہ ماں بہن بیٹی کا عزت وقار خوب جانتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب ایک وزیر اعلیٰ اسٹیج پر کھڑا ہو کر ادھر سے دہشت گردوں سے بھاگ کر آتا ہے، اتنا دم نہیں ہے ان سے آنکھیں ملائے، ہم دہشت گردوں کے پاکستان سے متعلق عزائم پر بات کرتے ہیں، دہشت گردوں کا سر کچلنے کی بات کرتے ہیں مگر علی امین گنڈا پور تم ایک خاتون کو للکارتے ہو اور ادھر دہشت گردوں سے ڈرتے ہو، چلو بھر پانی ہوتا اور تھوڑی سی شرم ہوتی تو ڈوب مرتے۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ اندر سے کھوکھلے ہوتے ہو تب ہی ایسی گفتگو کرتے ہو۔عطا تارڑ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کو مضبوط بناؤں گا میں دہشت گردوں کا مقابلہ کروں گا، جنوبی وزیرستان میں کیمپ آفس بنا کر خود بیٹھوں گا، تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کا اجلاس جنوبی وزیرستان میں بلاؤں گا، کاش یہ الفاظ ادا ہوئے ہوتے مگر چھوٹے دل والے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو للکارتے رہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تم آؤ لاہور، ہم انتظار کریں گے، اور دیکھیں گے کہ اٹک کا پْل کیسے عبور کرو گے، کاش 12 سال کی حکومت کے بعد ہم کہہ سکتے کہ راولپنڈی کے کارڈیولاجی کے ادارے جیسا ایک ہسپتال آپ نے بنایا ہے، کاش ہم کہتے کہ آپ نے دانش اسکول جیسا اسکول خیبرپختونخوا میں بنایا ہے۔
ایک خاتون کے بارے میں بات کرنی ہے، تو ٹھیک ہے، اس خاتون کے بھائی ابھی بیٹھے ہیں، آؤ دیکھتے ہیں کتنا دم ہے، یہ سب پختون روایات کے خلاف ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا غصہ جائز ہے، کیونکہ اتنی کرینیں، ایمبولینسیں، سرکاری وسائل کے ساتھ جلسے میں آئے مگر جلسہ ناکام ہوا، ایسا انقلاب تھا جو چار کنٹینر پر آیا، انقلاب آتا ہے تو سب کچھ بہا کر لے جاتا ہے، راستے کھلے تھے، آپ کو روٹ دیا گیا تھا مگر آپ نہیں گئے، رات کے وقت کی بھی فوٹیج دیکھ لیں عوام نہیں آئی۔
رات کے وقت علی امین گنڈا پور آئے کیونکہ دن میں ناکام جلسہ سامنے آجاتا، ناکام جلسے کا غصہ مریم نواز، پاک فوج پر نکالا، یہی وہ فوج ہے جو لاشیں اٹھا رہی ہے، آپ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیں، سنجیدگی اپنائیں، اپنے صوبے میں صحت، تعلیم کی سہولیات دیں، ترقیاتی کام کریں مگر آپ صرف کمیشن لینے میں اور کرپشن کا حصہ نہ بننے پر عہدوں سے ہٹانے کے کاموں میں مگن ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ٹائمز آف اسرائیل نے واضح کردیا ہے، اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات بہتر کر سکتا ہے تو وہ صرف عمران خان ہے، یہ بات ثابت ہوگئی ہے وہ زیک گولڈ اسمتھ کی مہم چلاتے ہیں جو کہ یہودی لابی کا حصہ ہیں، جب اسرائیل کے اپنے اخبار میں لکھ دیا ہے کہ آپ یہودی لابی کا حصہ ہیں تو پھر کیا بات رہ گئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پورے خیبرپختونخوا میں موٹروے کا جال نواز شریف نے بنایا، پہلی جنوبی ایشیا کی موٹر وے بھی نواز شریف نے بنائی اور اب شہباز شریف کے دور میں مہنگائی سنگل ڈجٹ پر آ گئی ہے، اس بات کا بھی غصہ تھا جس کے تحت وہ عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ ہوتے دیکھنا چاہتے تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جلسے کی ناکامی کو چھپانے کے لیے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، ایس ایس پی کو زخمی کر دیا، اسٹیج پر چڑھ کر خاتون کو للکارنا شروع کیا، مریم نواز بہادر خاتون ہے، تم سے بہتر نمٹ لیگی، میں نے پہلے ہی کہا تھا ’تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ وانا الیہ راجعون۔