اسلام آباد: چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں ہمارے لئے رہنما اصول فراہم کرتا ہے جن کی روشنی میں ہم مختلف شعبوں میں درپیش مسائل پر کامیابی سے قابو پا سکتے ہیں، تعلیم اسلامی معاشرے کا بنیادی جزو ہے، علم کے بغیر ایک اسلامی مثالی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ طلباء کو اخلاقی اعتبار سے بہترین انسان بنائیں۔
چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار سیرت النبی ؐکانفرنس کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع ریاست کا تعلیمی نظام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں تھا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنما ء اصولوں سے مدد لیتے ہوئے ہم مختلف شعبوں میں درپیش مسائل پر کامیابی سے قابو پا سکتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ ہمارے لیے ایک بہترین نمونہ ہے اور ہر مسلمان کا یہ فریضہ ہے کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات پر اپنی زندگی میں عمل کرنے کی کوشش کرے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اسلام کی دعوت کا بنیادی مقصد انسان کی اخلاقی تربیت، تزکیہ نفس اور دنیا و اخرت میں کامیابی کے لیے ایک مکمل اور بہترین انسان کی تیاری ہے اور ان مقاصد کا حصول علم کے بغیر ممکن نہیں۔
اللہ تعالیٰ نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نہ صرف امت کے لیے ایک معلم بنا کر بھیجا بلکہ اپنی حیات طیبہ کے ذریعے دین کی تعلیمات کا عملی نمونہ بھی دکھایا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مثالی اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھی اور یہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تربیت کی بدولت ہی ممکن ہوا کہ قرون اولیٰ کے مسلمانوں نے دنیا میں ایک ممتاز مقام حاصل کیا۔