پیر, نومبر 25, 2024

نائب وزیراعظم کی روسی نائب وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد : نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک سے بدھ کو یہاں وفود کی سطح پر بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں میں پاکستان روس تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے تجارت، صنعت، توانائی، رابطے، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی روسی فیڈریشن کے ساتھ دوطرفہ، سیاسی، اقتصادی اور دفاعی بات چیت کو تیز کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برکس کی رکنیت کے لیے پاکستان کی کوششوں میں تعاون پر روس کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں نائب وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک کا دورہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر ولادی میر پیوٹن کے دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس، باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے وژن کی تعمیل میں ہورہا ہے۔

Related Articles

Latest Articles