اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی مزاج پرسی کی اور ان کی خوش دامن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا استقبال کیا اور ملک کی مجموعی سیاسی واقتصادی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کے معاشی و سیاسی معاملات کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے موجودہ حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے بہتر مفاد کے لیے موجودہ حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے ایوان بالا میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان کی خدمات کو سراہا اور ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ ایسی قانون سازی عمل میں لائی جائے جو ملک کے اقتصادی، معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل کو حل کرنے کے لیے فائدہ مند ہو۔
موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک کے حالات میں بہتری نظر آ رہی ہے وزیراعظم پاکستان کی کوشش ہے کہ ملک میں بین الاقوامی سرمایہ کاری زیادہ سے زیادہ لائی جائے تاکہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری لائی جا سکے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی دیکھنے میں آئی ہے پٹرولیم اوربجلی سمیت مختلف ا شیاءخورد نوش کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔