اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو سر سے پیر تک ڈراما قرار دیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سر سے پیر تک ایک ڈراما ہیں، انہوں نے اسمبلی پہنچ کر بھی ڈراما کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان سے پوچھیں کونسے 12 اضلاع کراس کرکے یہ اسمبلی پہنچے؟ کیا یہ کراچی پہنچ گئے تھے؟ ان کا مقصد پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا ہے تاکہ ملک کو بدنام کیا جائے۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے کہا کہ پوری پی ٹی آئی اس ڈرامے میں لگی ہوئی تھی کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مسنگ پرسن ہوگئے ہیں، جب ملک کو بدنام کرنے کا ڈراما نہیں چلا تو علی امین اسمبلی پہنچ گئے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان معاشی بحران سے نکل رہا ہے، یہ چاہتے کہ ملک بحران سے نہ نکلے، ان کا منصوبہ تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کو سبوتاژکیا جائے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ علی امین بھاگے بھاگے چائنا چوک اسلام آباد پہنچے، ہاتھ لگا کر نکل گئے، پوچھتا ہوں علی امین ڈی چوک پر کہاں آیا؟
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو کسی حادثے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ قوم ان کو پہچانے، علی امین گنڈاپور ڈراما ہے، ان کے پرانے بیان نکالیں۔وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے کہا کہ علی امین کل چونگی نمبر 26 سے غائب ہوا، اسلام آباد سے 4، 5 کلومیٹر کے بعد خیبر پختونخوا کی حدود شروع ہوجاتی ہے۔
انہوںنے کہاکہ یہ کہاں سے 12ضلع عبور کر کے خیبر پختونخوا گیا، ساری پارٹی صبح سے ڈرامے پر لگی ہوئی تھی، پنجاب کے لوگوں کو سمجھ آگئی کل ڈراما تھا۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ یہ ملک دشمن ہیں، فتنہ ہیں، ملک میں افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں، پنجاب کے لوگوں نے کل اس ڈرامے پر ریسپانس نہیں کیا۔