ماسکو نے بشارالاسد کو اہل خانہ سمیت انسانی بنیادوں پر سیاسی پناہ دے دی
ماسکو:روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں باغیوں کے قبضے کے بعد صدر بشارالاسد اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملک چھوڑ کر ماسکو پہنچ گئے ہیں، جہاں انہیں روس نے سیاسی پناہ دے دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، روسی خبر ایجنسیوں نے کریملن کے ذرائع سے بتایا ہے کہ بشارالاسد اور ان کے اہل خانہ ماسکو پہنچ چکے ہیں، اور روس نے انہیں انسانی بنیادوں پر سیاسی پناہ فراہم کی ہے۔
روسی خبر ایجنسی انٹرفیکس نے ایک سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ شام کے صدر اور ان کے اہل خانہ کو روس میں پناہ دے دی گئی ہے۔
اس سے قبل بین الاقوامی میڈیا نے یہ خبر دی تھی کہ بشارالاسد کے طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا اور خدشہ تھا کہ حادثہ پیش آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، دمشق میں باغیوں کے قبضے کے بعد ایک طیارہ ایئرپورٹ سے روانہ ہوا، جو ریڈار سے غائب ہونے سے پہلے مخالف سمت میں پرواز کر رہا تھا۔