اسلام آباد:وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کو "مذاق رات” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے حکومت کو کوئی پیغام موصول نہیں ہوا۔
قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ چند منٹ پہلے ہی میں نے ان وزراء سے بات کی جو مذاکراتی عمل میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو پہلے حکومت کو آگاہ کرے۔ اسپیکر کے ذریعے مذاکرات کا عمل شروع ہونا چاہیے۔ جب وہ ہم سے رابطہ کریں گے تو پھر ہم ان کو جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جن حالات میں پی ٹی آئی مذاکرات کی بات کر رہی ہے، ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ 26 نومبر سے پہلے وہ کس لہجے میں بات کر رہے تھے۔ اب بھی ان کے لہجے اور زبان میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر واقعی مذاکرات کرنا ہیں تو زبان اور لہجہ نرم رکھنا ہوگا۔ حکومت سے بات چیت کا آغاز بانی پی ٹی آئی کو خود کرنا چاہیے، کیونکہ ان کے علاوہ پارٹی میں کسی اور کی حیثیت نہیں ہے