بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور آسٹریلیا کے دورے میں مسلسل ناکامیوں کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں، جس کے بعد انہوں نے اپنے ہی سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر سنیل گواسکر کے خلاف بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) میں شکایت درج کروادی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، روہت شرما کی ناقص فارم اور کمزور کپتانی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ سابق کرکٹرز بھی ان پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔ ان حالات میں روہت شرما نے گواسکر کی مسلسل تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف بی سی سی آئی سے باقاعدہ شکایت کر دی ہے۔
بارڈر-گواسکر ٹرافی میں بھارت کی شکست اور شرما کی خراب کارکردگی پر سنیل گواسکر نے انہیں نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے نہ صرف ان کی کپتانی پر اعتراض کیا بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے مستقبل پر بھی سوال اٹھائے۔ گواسکر نے یہاں تک تجویز دی کہ ٹیم کی بہتری کے لیے قیادت کسی اور کھلاڑی کے سپرد کر دینی چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق، بھارتی کپتان کو لیجنڈری کرکٹر کی یہ تنقید ہضم نہیں ہوئی، اور انہوں نے محسوس کیا کہ یہ غیر ضروری اور غیر منصفانہ تھی۔ اسی وجہ سے انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ میں سنیل گواسکر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔